پاکستان

مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت سے بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا بھرمیں بے نقاب ہو گیا ہے،چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد 26اکتوبر (کے ایم ایس )
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ بھارت نے آج سے 75برس قبل 27اکتوبر 1947 کو مقبوضہ جموں و کشمیرمیں غیر قانونی مداخلت کے ذریعے ناجائز طورپر قبضہ کر لیا تھا اورظلم و بربریت، زیادتی اور انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں سے نہ صرف بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا بھر میں بے نقاب ہو گیا ہے بلکہ اس کے غیر قانونی اور غیر انسانی اقدامات پر آوازیں بھی اٹھ رہی ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کشمیریوں کی طرف سے کل منائے جانے والے یوم سیا ہ کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ بھارت کی جانب سے کشمیریوں کے خلاف ریاستی دہشت گردی کا استعمال بشمول ماورائے عدالت قتل، جعلی مقابلے، محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں، دوران حراست ظلم و تشدد، جبری گمشدگیاں، کشمیری قیادت کی نظر بندی ، پیلٹ گنوں کا بے دریغ استعمال اور مکانات کی تباہی کے ذریعے کشمیریوں کے عزم کو متزلزل نہیں کیاجاسکا۔ کشمیری عوام ثابت قدم ہیں اور انہوں نے عزم، حوصلے اور قربانیوں سے عزم و ہمت کی شاندار تاریخ رقم کی ہے۔ کشمیری عوام دنیا کے تمام آزادی پسندوں کیلئے مشعل راہ ہیں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بھارت غیرقانونی قبضے سے کشمیریوں کے جذبہ حق خودارادیت کو دبا نہیں سکتا۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے یک زباں اور ایک صفحہ پر ہیں۔پاکستان کی عوام اور تمام ادارے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی بھر پور حمایت کرتے ہیں۔بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کی بدترین مثالیں قائم کی ہیں اور لاکھوں کشمیریوں غیرقانونی طورپر نظر بند ہیں۔اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے، جمہوریت پسند ممالک اور تنظیمیں کشمیر کے مسئلے کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرانے کیلئے موثر اقدامات اٹھائیں۔مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے اقوام عالم لائحہ عمل اختیار کرے تا کہ مظلوم کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق میسر ہو سکے۔اقوام متحدہ نے کشمیریوں کیلئے درجنوں قراردادیں بھی منظور کی ہیں۔ 5 جنوری 1949 کو اقوام متحدہ نے کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دلانے کی ضمانت دی تھی۔پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے موقف کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔پاکستان کی حکومت اورپارلیمان ہر فورم پر کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھیں گے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ جموں و کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر ہے۔پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں پر بھارت کو جوابدہ ٹھہرانے کے لئے عملی اقدامات کرے۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کا پرامن حل ہی خطے کی سلامتی کا ضامن ہے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button