پاکستان

عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پربھارت کوجوابدہ ٹھہرائے، صدر مملکت

downloadاسلام آباد27اکتوبر (کے ایم ایس):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارت کے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو فوری طور پر واپس لینے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ مقبوضہ خطے میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے لیے بھارت کو جوابدہ ٹھہرانے کے لیے عملی اقدامات کے ساتھ ساتھ سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق دیرینہ تنازعہ کے پرامن اور منصفانہ حل میں سہولت فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق صدر مملکت نے آج 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہم گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے قابض بھارتی فوج کے جاری مظالم کی مذمت کرتے ہوئے حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی قربانیوں کو یاد کرنے کے لیے یوم سیاہ مناتے ہیں، اس دن پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی آزادی کی منصفانہ جدوجہد میں ان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ کشمیری مردوں، عورتوں اور بچوں کی کئی نسلوں نے بھارتی سفاکیت، خونریزی اور تشدد کے سوا کچھ نہیں دیکھا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں وکشمیر فوجی محاصرے میں ہے ، 5 اگست 2019 کے بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات سے صورتحال کافی خراب ہوئی ہے، یہ اقدامات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ ریاست جموں و کشمیر کا حتمی فیصلہ کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے ذریعے کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ آج جموں و کشمیر آزادی اظہار پر بے مثال پابندیوں، فرضی مقابلوں، محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں، حراستی تشدد ، ہلاکتوں، جبری گمشدگیوں، سینئر کشمیری قیادت اور نوجوان لڑکوں کو نظر بند کرنے، کشمیریوں کو ‘اجتماعی سزا’ دینے کے لیے گھروں کو جلانے اور محکوم بنانے کے دیگر طریقوں کا نشانہ بنا ہوا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہمارے کشمیری بھائیوں اور بہنوں نے ظلم و ستم کی بدترین شکلوں کا مقابلہ کرتے ہوئے مثالی ہمت اور برداشت کا مظاہرہ کیا ہے، ہم ان ہزاروں کشمیریوں کے خون کی قدر کرتے ہیں جنہوں نے بھارت کے ناجائز قبضے سے آزادی کے حصول میں کئی دہائیوں تک اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، کشمیری بھائی اور بہنیں پاکستان کو ہمیشہ ہر دستیاب عالمی فورم پر مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے آواز اٹھاتے ہوئے پائیں گے۔صدر نے کہا کہ پاکستان بھارتی حکومت کے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے عالمی برادری سے بھی مطالبہ کرتا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے لیے بھارت کو جوابدہ ٹھہرانے کے لیے عملی اقدامات کرے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق جموں و کشمیر کے دیرینہ تنازعہ کے پرامن اور منصفانہ حل میں سہولت فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button