پاکستان مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پراپنی آواز اٹھاتا رہے گا، ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد19جنوری(کے ایم ایس )
دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل سنگین خلاف ورزیوں پراپنی آواز اٹھاتا رہے گا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ممتاز زہرا بلوچ نے جمعرات کو اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر مسلسل ظلم و ستم جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی قابض افواج نے دو کشمیری نوجوانوں کو ضلع بڈگام میں ایک جعلی مقابلے میں گاڑی سے اتار کر گولیاں مار کر شہید کردیا جبکہ ایک 75سالہ زیر حراست قیدی محمد مقبول خان کی کپواڑہ جیل میں تشدد کے باعث موت واقع ہوگئی ہے۔ترجمان نے کہا کہ انہیں اور ان کے تین بیٹوں کو گزشتہ سال اگست میں جھوٹے الزامات کے تحت حراست میں لیا گیا تھا، کپواڑہ کے کنن گائوں میں ایک خاندان گزشتہ ایک ماہ سے اپنے بیٹے اور بھائی عبدالرشید ڈار کی تلاش میں ہے جسے بھارتی فوج کی راشٹریہ رائفلز کے اہلکاروں نے 15دسمبر کو گرفتار کیا تھا۔دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ گزشتہ تین دہائیوں کے دوران مقبوضہ کشمیر میں سینکڑوں کشمیری بھارتی فورسز کی حراست میں لاپتہ ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معتبر اعداد و شمار کے مطابق 1989سے اب تک مقبوضہ علاقہ میں تقریبا آٹھ ہزارکشمیری لاپتہ ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل سنگین خلاف ورزیوں پر آواز اٹھاتا رہے گا۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت کے حصول کے لیے جموں و کشمیر کے عوام کی سیاسی ، سفارتی اوراخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ ممتازہ زہرہ بلو چ نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس میں شرکت کیلئے ڈیووس میں ہیں ،جہاں انہوں نے کانگو کے صدر اور دیگر ملکوں کے رہنمائوں کے ساتھ ملاقاتیں کی ہیں ۔