بھارت کو کشمیریوں کوان کا بنیادی حق دیناپڑے گا،وزیراعظم محمد شہبازشریف
اسلام آباد:
وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ بھارت کو کشمیریوں کوان کا بنیادی حق دیناپڑے گا۔ بات چیت سے ہی تمام تنازعات حل کئے جاسکتے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وزیراعظم شہبا ز شریف نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر وڈیو لنک کے ذریعے آزاد کشمیر قانون سازاسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کشمیریوں کی آزادی تک ہر فورم پر ان کی حمایت جاری رکھیں گے۔وہ دن دور نہیں جب کشمیریوں کا خون رنگ لائیگا۔وزیراعظم نے کہاکہ 77سال قبل اگست کے مہینے میں قائد اعظم کی عظیم قیادت اور لاکھوں مسلمانوں کی عظیم قربانیوں سے پاکستان معرض وجو د میں آیاتھا۔ آج پاکستان کے عوام سبز ہلالی پرچم تلے اپنی زندگیاں بسرکررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 5اگست 2019کو بھارتی حکومت نے غاصبانہ طورپراپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام کے حقوق کو چھین لیا اوردفعہ 370اور 35اے کا خاتمہ کر کے کشمیر میں غیر کشمیری ہندوئوں کو آباد ہونے کا قانونی حق دیاگیا ۔انہوںنے کہاکہ غیر کشمیریوں کو کشمیری باشندوں کی جائیدادین جبرا خریدنے کا حق بھی دیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ ظالمانہ اقدام ہے جو تواتر کے ساتھ آزادی کا مطالبہ کرنے والے لاکھوں کشمیریوں کے ساتھ گزشتہ 77 سال سے روا رکھاگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیاتھا۔ جب تک کشمیر آزاد نہیں ہوجاتا ، جب تک انہیں بنیادی حقوق فراہم نہیں کئے جاتے، پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی مدد جاری رکھے گا اور عالمی فورمز پرانکی آواز بلند کرتا رہے گا ۔انہوں نے کہاکہ وہ وقت جلد آئے گا جب کشمیر ی ہندوستان کے غاصبانہ قبضے سے آزاد ہوں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ 77سال گزرنے کے باوجود کشمیر کی وادی ہزاروں کشمیریوں کے خون سے سرخ ہے اور ان پر ظلم کے جو پہاڑ توڑے گئے ان کی داستان دنیا کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج 5 اگست کو ہم اپنے کشمیری بھائیوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں، ان کی عظیم جدوجہد کی داستان کو سلام پیش کرتے ہیں۔ کشمیر کازکیلئے جن لاکھوں کشمیریوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہم ان کو سراہتے ہیں اور وعدہ کرتے ہیں کہ ان قربانیوں کو فراموش کیاجائیگا نہ یہ رائیگاں جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم چوہدری غلام عباس، سردار ابراہیم خان، میر واعظ محمد یوسف شاہ، سید علی گیلانی ، محمد اشرف صحرائی ، الطاف احمدشاہ، مولانا عبا س انصاری اور ان تمام بزرگوں ، نوجوانوں اور کارکنوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے نظریئے کیلئے دلوں کو گرمایا اور تحریک چلائی اور شبانہ روز آزادی کیلئے آواز اٹھائی،ہندوستان کے جبر کا بھرپور مقابلہ کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ ہم آسیہ اندرابی، یاسین ملک، میرواعظ عمر فاروق، شبیر احمد شاہ، مسرت عالم بٹ کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے کئی کئی سال دنیا کی سب سے بڑی جیل میں صعوبتیں اور ظلم برداشت کیا۔ ان کے گھروالوں کو ان سے ملنے نہیں دیاگیا۔ انہوں نے بھارتی فوجی محاصرے میں یہ ظلم برداشت کیالیکن اپنی گردن نہیں جھکائی اور سنگینوں کے سائے میں کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعرے بلند کئے جس سے ہندوستان کے عوام لرز اٹھے۔ ان نعروں کی گونج کو روکنے کیلئے ہندوستانی فوج نے تمام حربے استعمال اورتمام ظلم ڈھائے لیکن اس جذبے نے بھارت کی تمام کارروائیوں کو خاک میں ملا دیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ وہ دن دور نہیں جب کشمیریوں کا خون رنگ لائیگا۔وزیراعظم نے کہاکہ آج پوری پاکستانی قوم ہندوستان کے 5 اگست 2019 کے اقدام کی بھرپور مذمت کررہی ہے ۔ وہ دن جلد آئے گا جب ہندوستان کو اپنے کئے ہوئے وعدے پورے کرنا پڑیں گے۔ خود نہرو نے کشمیر میں استصواب رائے کا وعدہ کیاتھا ، اس حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادیں پکار پکار کر کشمیریوں کا حق دلانے کی یاددہانی کراتی ہیں ۔ عالمی برادری سمیت پاکستان اور کشمیریوں نے ان بھارتی اقدامات کو مسترد کیا۔ اقوام متحدہ اور او آئی سی ان بھارتی یکطرفہ اقدامات کو مسترد کر چکی ہے۔انہوں نے کہاکہ آج کے دن دنیاکو د وٹوک پیغام ملنا چاہیے کہ بھارت کشمیریوں کی تقدیر کا فیصلہ یکطرفہ طورپر نہیں کر سکتا ۔ اس حوالے سے بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے کہ وہ کشمیریوں کا حق چھین سکتا ہے ۔ کشمیر ایک دن ضرور آزاد ہو گا اور انہیں ان کا حق ضرور ملے گا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک جوہری طاقت ہے۔پاکستان نے اپنی جوہری قوت کو جارحیت کیلئے استعمال کرنے کاسوچا بھی نہیں ، بہتر راستہ امن کاراستہ ہے اور ان تنازعات کامل بیٹھ کر حل نکالنے کیلئے بھارت کو ہوش کے ناخن لینے پڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو اس حقیقت کا ادراک ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات نہیں کر سکتا۔ اللہ نے پاکستان کو یہ طاقت دی ہے کہ وہ اپنی طرف اٹھنے والی آنکھ کو پھوڑ دے گا۔انہوں نے کہا کہ امن اور دانشمندی کاتقاضا یہ ہے کہ آئیں مل بیٹھ کر نہ صرف کشمیر یوں کو ان کا حق دیں بلکہ خطے کے امن قائم کریں۔اسی طرح فلسطین کے مسلمانوں کو بھی ان کا حق ملنا چاہیے تاکہ دنیا میں امن ہو۔ اس کے علاوہ تمام راستے تباہی کی طرف جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہندوستان اور اسرائیل کو یہ پیغام واضح طورپر پہنچے گاکہ امن کا راستہ ہی واحد راستہ ہے۔ کشمیریوں اور فلسطینیوں کو ان کا بنیادی حق ملنا چاہیے۔