کشتواڑ میں رتلے پن بجلی منصوبے کے مقام پر مٹی کے تودے گرنے سے چار افراد کی ہلاکت کا خدشہ
جموں29اکتوبر(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں آج ضلع کشتواڑ میں پن بجلی منصوبے کے مقام پر یکے بعد دیگرے مٹی کے تودے گرنے سے چار افراد کی ہلاکت کا خدشہ ظاہرکیاگیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سرکاری ذرائع نے بتایا کہ آج شام دراب شالہ رتلے پن بجلی منصوبے میں پیش آنے والے واقعے کے بعد تقریبا چار افراد کو زخمی حالت میں بچا لیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ رتلے پن بجلی منصوبے میں ایک جے سی بی آپریٹر اور کام کرنے والے کچھ دیگر افراد مٹی کے تودے گرنے سے پھنس گئے۔ انہوں نے کہاکہ جیسے ہی ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا ایک اور مٹی کا تودہ گرآیاجس سے کچھ اور لوگ پھنس گئے۔ ان میں سے کچھ کو زخمی حالت میں بچا لیا گیاہے اور انہیں قریبی ڈوڈہ ہسپتال منتقل کر دیا گیاہے۔
دریں اثناء سرکاری ذرائع نے بتایاکہ ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے جبکہ تین سے چار افراد ابھی بھی پھنسے ہوئے ہیں اور ان کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔