سرینگر 02نومبر (کے ایم ایس)
کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری 6نومبر کو یوم شہدائے جموں اس عزم کی تجدید کے ساتھ منائیں گے کہ وہ شہداء کے مشن کو اپنے ناقابل تنسیخ حق، حق خود اراداریت کے حصول تک جاری رکھیں گے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ڈوگرہ مہاراجہ ہری سنگھ کی فورسز ، بھارتی فوجیوں اور ہند و انتہا پسندوں نے جموں کے مختلف علاقوں میں نومبر 1947کے پہلے ہفتے میں پاکستان ہجرت کرنے والے لاکھوں کشمیری مسلمانوں کو شہید کردیاتھا۔کنٹرول لائن کے دونوں اطراف اوردنیا بھر میں یوم شہدائے جموں شایان شان طریقے سے منانے کیلئے تیاریاں زورو شور سے جاری ہیں ۔
ادھر پورے آزاد جموںو کشمیر کے علاوہ پاکستان کے مختلف علاقوں میں یوم شہدائے جموں کے موقع پر بھارت مخالف مظاہرے ، سیمینارز اور سمپوزیم منعقد کئے جائیں گے ۔کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مختلف سماجی، سیاسی، مذہبی اور دیگر عوامی نمائندہ تنظیموں کے زیراہتمام خصوصی دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیاجائے گا۔دن کا آغاز تمام مساجد میں بھارت کے غیر قانونی قبضے سے جموں و کشمیر کی جلد از جلد آزادی اور پاکستان اور آزاد کشمیر کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائوں سے ہوگا۔مختلف سماجی، سیاسی اور عوامی تنظیموں کے زیراہتمام کشمیری شہدا کی روح کے ایصال ثواب کے لیے مختلف مقامات پر قرآن خوانی بھی کی جائے گی ۔
ادھرکل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں خواجہ فردوس اور سید بشیر اندرابی نے ایک مشترکہ بیان میں شہدائے جموں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیاہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم شہدائے جموں کے موقع پر کشمیری عوام اپنی جدوجہد آزادی کو جاری رکھنے کے عزم کی تجدید کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری گزشتہ کئی دہائیوں سے ایک عظیم مقصد کے لیے اپنی جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ علاقے میں آزادی کا سورج طلوع ہو گا ۔