مقبوضہ کشمیر:میر واعظ عمر فاروق کی مسلسل نظر بندی کی مذمت
سرینگر04 نومبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے تنظیم کے سربراہ میر واعظ عمر فاروق کی گزشتہ تین برس سے زائد عرصے سے جاری گھر میں غیر قانونی اور غیر اخلاقی نظر بندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے حددرجہ افسوسناک قراردیا ہے ۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق انجمن اوقاف نے سرینگر میں جاری ایک بیا ن کہا کہ میرواعظ کو مسلسل 162 ہفتوں سے نہ تو نماز جمعہ جیسے اہم دینی فریضے اور نہ ہی اپنی اہم منصبی ذمہ داریاں ادا کرنے کی اجازت دی گئی ہے جو آمریت اور ناانصافی کی بدترین مثال ہے ۔انجمن نے کہا کہ کشمیر کی حالیہ تاریخ کا یہ افسوسناک باب ہے کہ مرکزی جامع مسجد سرینگر کے منبر و محراب گزشتہ سوا تین سال سے مسلسل خاموش ہیں جس سے اہلیان کشمیر کے مذہبی جذبات بری طرح مجروح ہو رہے ہیں اور ان کے غم و غصے میں روز بہ روز اضافہ ہو رہا ہے ۔انجمن نے قابض انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ میرواعظ کی رہائی یقینی بنائے تاکہ وہ اپنے منصبی فرائض بخوبی ادا کرسکیں ۔