مقبوضہ جموں و کشمیر

حریت رہنمائوں کا شہداء جموں کو زبردست خراج عقیدت

شہدا ء کے مشن کو آگے بڑھانے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کریں
سرینگر 05 نومبر (کے ایم ایس)غیر قانونی طور پر نظر بند کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما شبیر احمد شاہ اور دیگر رہنمائوں نے جموں کے قتل عام کے شہدا ء کو ان کی برسی کے موقع پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام ہر قیمت پر شہداء کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔
ڈوگرہ مہاراجہ ہری سنگھ کی فورسز ، بھارتی فوجیوں اور انتہا پسندہندئووں نے جموں کے مختلف علاقوں میں نومبر 1947کے پہلے ہفتے میںلاکھوں کشمیری مسلمانوںکو اس وقت شہید کردیاتھا جب وہ پاکستان ہجرت کررہے تھے۔دنیابھر میں مقیم کشمیری 06 نومبر کو ان شہداء کی یاد میں یوم شہداء جموں کے طور پر مناتی ہے ۔
غیر قانونی طور پر نظربند کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما شبیر احمد شاہ نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ 1947 میں جموں میں مسلمانوں کا قتل عام کشمیر کی تاریخ کا سب سے ہولناک واقعہ تھا جس کی تلخ یادیں 75سال گزر جانے کے باوجود بھی کشمیریوں کو ستا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتہا پسند ہندوئوں نے ڈوگرہ مہاراجہ کی فورسز اور بھارتی فوج کی مدد سے مقبوضہ علاقے کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے مذموم ارادے سے جموں خطے کی پوری مسلم آبادی کا صفایا کر دیا۔حریت رہنما نے اس قتل عام کو نسل کشی اور نسلی تطہیر کی بدترین مثال قرار دیا۔شبیر شاہ نے نشاندہی کی کہ 05 اگست 2019 کو نریندر مودی کی زیرقیادت فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ جموںو کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی اس خطے کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے مذموم منصوبے کا حصہ تھی۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں بے گناہ کشمیریوں کے بے دریغ قتل کا نوٹس لے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں چوہدری شاہین اقبال، غلام نبی وار، حکیم عبدالرشید اور محمد عاقب نے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ کشمیری عوام شہدا ئے جموں کی عظیم قربانی کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جموں کا قتل عام بھارتی فوج، ڈوگرہ فورسز اور ہندو دہشت گردوں کی طرف سے جموں کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کیلئے کشمیری مسلمانوں کی پہلی منظم نسل کشی تھی۔انہوں نے کہا کہ جموں میں 1947 میں مسلمانوں کا قتل عام کشمیر کی تاریخ کا سب سے ہولناک واقعہ ہے اور اس کی تلخ یادیں سات دہائیوں سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے بعد بھی کشمیریوں کے ذہنوں میں تازہ ہیں۔
دریں اثنا سرینگر، گاندربل، بارہمولہ اور پلوامہ کے علاوہ مقبوضہ کشمیر کے دیگر علاقوں میں جموں کے شہدا ء کو خراج عقیدت پیش کرنے والے پوسٹرز چسپاں کئے گئے ہیں۔ جموں و کشمیر لبریشن الائنس کی جانب سے دیواروں، ستونوں اور بجلی کے کھمبوں پر چسپاں کیے گئے پوسٹرز میں جموں کے قتل عام کو کشمیر کی تاریخ کا بدترین باب قرار دیا ہے۔
ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنمائوں بشمول گلشن احمد اور قاضی محمد عمران نے اسلام آباد میں جاری اپنے بیانات میں شہداء جموں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور ان کے مشن کو ہر قیمت پر پورا کریں گے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button