بھارتی سپریم کورٹ نے اسدالدین اویسی پر فائرنگ کرنے والوں کی ضمانت منسوخ کر دی
نئی دہلی12 نومبر (کے ایم ایس)بھارتی سپریم کورٹ نے مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اور رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی پر فائرنگ کرنے والے دو ملزموں کو ضمانت دینے کے الہ آباد ہائیکورٹ کے حکم کر مسترد کر دیا ہے۔
اترپردیش اسمبلی انتخابات کے دوران 3فروری کو ہاپوڈ کے ایک ٹو ل پلازہ پر ہندو انتہاپسندوں نے اسد الدین اویسی کی گاڑی پر فائرنگ کی تھی۔ سچن شرما اور شبھم گرجر نامی ملزموں کو بعد میں گرفتار کیا گیا تھاتاہم الہ آباد ہائی کورٹ نے 12جولائی کو انکی ضمانت منظور کی تھی۔ سپریم کورٹ نے ملزموںکی ضمانت منسوخ کرتے ہوئے کہا کہ ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں ضمانت دینے کی وجہ واضح نہیں کی ہے۔عدالت عظمی نے الہٰ آباد ہائیکورٹ کواس حوالے سے دوبارہ سماعت کر کے چار ہفتے کے اندر نیافیصلہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ سپریم کورٹ نے ملزمان کو سات روز کے اندر خود کو جیل حکام کے سامنے خود سپردگی کرنے کو کہا ہے۔ اسدالدین اویسی نے ملزموں کی ضمانت منسوخ کرنے کیلئے ستمبر میں سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔