ہماری مسلح افواج وطن کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں،وزیراعظم شہباز شریف
مقبوضہ کشمیر خطے میں ایک نیوکلیئر فلیش پوائنٹ بن چکا ہے
اسلام آباد 06ستمبر (کے ایم ایس)
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ06ستمبر کو جرات وبہادری کی علامت اور دھرتی کے بہادر بیٹوں کی عظیم قربانی کے جذبے کی یاد کے طور پر منایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ 57سال قبل آج ہی کے دن ہماری بہادر افواج ِپاکستان نے دنیا پر ثابت کر دیا کہ وہ مادرِ وطن کے ایک ایک انچ کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں،اس دن پوری پاکستانی قوم بے مثال اتحاد اور پرعزم قوت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی مسلح افواج کی حمایت کے لیے آگے آئی، قوم کے بے مثال اتحاد اور یکجہتی کے مظاہرے نے ہمارے افسروں اور جوانوں، پائلٹوں اور سیلرز کو ہندوستانی جارحیت کے خلاف مادر ِوطن کی حفاظت کی لڑائی میں توانائی بخشی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار یوم دفاع و شہدا پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج قوم مادر وطن کے بہادر بیٹوں کو بھرپور خراج عقیدت پیش کر رہی ہے، خاص طور پر ہمارے ان قابل فخر شہدا کو جنہوں نے جرات مندی اور بہادری سے اس دشمن کے خلاف لڑتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، جو عددی طاقت میں بہت بڑا تھا۔ انہوں نے کہاکہ ہم شہدا کے والدین اور اہلخانہ کا بے حد احترام کرتے ہیں جنہوں نے اپنے قریبی عزیزوں کی جدائی کے غم کو ہمت سے برداشت کیا، ان ہیروز، غازیوں، پولیس و دیگر قانون نافذ کرنے والے محکموں اور انٹیلی جنس اداروں کے جوانوں کو بھی سلام، جو سخت موسموں اور مخالف ماحول میں مادرِ وطن کی سرحدوں کو بیرونی اور اندرونی خطرات سے محفوظ رکھ رہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی طور قبضہ کی وجہ سے مقبوضہ جموں و کشمیر جنوبی ایشیا کی دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان ایک فلیش پوائنٹ ہے۔ انہوں نے کہاکہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق جتنی جلدی حل کیا جائے اتنا ہی علاقائی امن اور سلامتی کے لیے بہتر ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیاکہ وہ 5اگست 2019کو بھارت کے غیرقانونی اور یکطرفہ اقدامات کی منسوخی کیلئے مودی حکومت پر اپنا دبائو بڑھائے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے بینر تلے مختلف ممالک میں قیام امن میں ہماری مسلح افواج کے کردار کا بھی دنیا بھر میں اعتراف کیا جا رہا ہے، یہ خاص طور پر خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ہمارے عزم کو ظاہر کرتا ہے، یہ عزم ہماری خارجہ پالیسی کا خاصہ ہے تاہم پائیدار امن کی خواہش کے ساتھ پاکستان مشکل معاشی صورتحال کے باوجود اپنے دفاع کی مضبوطی اور جدید دور کے آلات و سامانِ حرب کی خریداری کی ضرورت سے غافل نہیں رہ سکتا۔شہباز شریف نے کہا کہ جب ہم اس سال پاکستان کی آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی منا رہے ہیں، اِس دن میرا دھرتی کے بیٹوں اور بیٹیوں کے لیے پیغام ہے کہ وہ 6 ستمبر کے جذبے کو اپنے دلوں میں زندہ رکھیں، میں قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں اور اپنی آزادی کے تحفظ کے لیے متحد ہو کر ایسے مذموم عناصر کو شکست دیں تو کوئی سازش کامیاب نہیں ہو سکتی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے شہدا کی قربانیوں کو بہترین خراج تحسین یہ ہے کہ ہم اپنے بانیوں کے وژن کے مطابق پاکستان کی تعمیر ِنو کریں، ایک ایسا ملک جو معاشی طور پر مضبوط، سیاسی طور پر مستحکم اور سماجی طور پر ہم آہنگ ہو وہ بہتر طریقے سے اپنا دفاع کر سکتا ہے اور اپنی خارجہ پالیسی کے اہم مقاصد کو فروغ اور تحفظ دے سکتا ہے، اتحادی حکومت کا وِژن اور ایجنڈا بھی یہی ہے۔