سفاک بھارتی فوجی کشمیری بچوں کو منظم دہشت گردی اور جنگی جرائم کا نشانہ بنا رہے ہیں
مظفرآباد20نومبر(کے ایم ایس) پاسبان حریت جموں وکشمیر نے کہاہے کہ ایک طرف دنیا بھر میں بچوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے اوردوسری طرف سفاک بھارتی فوجی کشمیر ی بچوں کو منظم دہشت گردی اور جنگی جرائم کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے بچوں کے عالمی دن کے موقع پر مظفر آباد میں جاری ایک بیان میں عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی توجہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے لاکھوں بچوں کی حالت زار کی طرف مبذول کرائی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کے وحشیانہ مظالم سے سب سے زیادہ متاثر کشمیر کے معصوم بچے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری بچوں کو ایک منظم منصوبے کے تحت قتل اورگرفتار کیا جا رہا ہے اورانہیںجیلوں اور عقوبت خانوں میں اذیتیں دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ طفیل متو سمیت 1100سے زائد معصوم کشمیری بچے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہیدہوچکے ہیں،پیلٹ گن کے استعمال سے سینکڑوں بچے اپنی بینائی سے محروم ہوئے ہیں جبکہ بچوں کی ایک بڑی تعداد پیلٹ لگنے سے شدید زخمی ہوئے ہیں۔ عزیر غزالی نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ کشمیری بچوں کے درد اور تکالیف کا احساس کریں اور مودی حکومت پر دبائو ڈالیں کہ وہ کشمیری بچوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے اوراس سلسلے میں اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرے۔