بیانات

مقبوضہ جموں وکشمیرمیں ذلت آمیز شکست بھارت کا مقدر ہے: جی اے گلزار

سرینگر21نومبر(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما غلام احمد گلزار نے کہا ہے کہ اگر بھارت جدوجہد آزادی کو دبانے کے لیے اپنی پوری فوج بھی علاقے میں تعینات کرے تب بھی ذلت آمیز شکست اس کا مقدر ہے۔
غلام احمد گلزار نے سینٹرل جیل سرینگر سے ایک خصوصی پیغام میں کہا کہ جو لوگ اللہ کے لیے جیتے ہیں اور ایک عظیم اور مقدس مقصد کے لیے جدوجہد کرتے ہیں وہ کبھی قتل، گرفتاریوں اور دیگر مظالم سے نہیں ڈرتے۔ حریت رہنما نے کہا کہ فسطائی مودی حکومت کے ہتھکنڈے کشمیر کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت کو تبدیل نہیں کر سکتے کیونکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے مسئلہ کشمیر پر مختلف مواقع پر متعدد قراردادیں منظور کی ہیں جن میں یہ عزم کیا گیا ہے کہ کشمیریوں کے سیاسی مستقبل کو حق خود ارادیت کے ذریعے محفوظ بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا اگرچہ اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرانے میں ناکام رہا ہے لیکن کشمیریوں نے ہمت نہیں ہاری اور وہ تمام ترمشکلات کے باوجود اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حل طلب مسئلہ کشمیر نہ صرف جنوبی ایشیا میں امن و خوشحالی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے بلکہ بھارتی ہٹ دھرمی خطے میں خونریزی، غربت اور ہتھیاروں کی دوڑ کی بھی بڑی وجہ ہے۔جی اے گلزار نے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بڑھتی ہوئی بھارتی ریاستی دہشت گردی پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا۔ حریت رہنما نے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پراجاگر کرنے اور بھارتی جرائم کو بے نقاب کرنے میں بیرون ملک مقیم کشمیریوں کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے دنیا کے مختلف ممالک میں مقیم کشمیریوں اور پاکستانیوں کے کردار کی تعریف کی۔غلام احمد گلزار نے امید ظاہر کی کہ یہ گمنام ہیروز تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اپنی کوششیں تیز کریں گے۔ انہوں نے تمام بین الاقوامی فورمز پر کشمیر کاز کو اجاگر کرنے پر پاکستان کا بھی شکریہ ادا کیا۔
دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے رہنما حاجی محمد سلطان بٹ نے مقبوضہ وادی میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں میں اضافے پر افسوس کا اظہار کیاہے۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہیں کہ بھارت کشمیر کو ایک قبرستان میں تبدیل کرنے پر تلا ہوا ہے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button