بھارت میں مسلمان خود کو غیر محفوظ سمجھتے ہیں ، فارو ق عبداللہ
سرینگر:
غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ بھارت میں مسلمان خود کو’غیر محفوظ’ سمجھتے ہیں ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فاروق عبداللہ نے سرینگر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مودی حکومت بھارت کے 24کروڑ سے زائد مسلمانوں کو انکے حقوق سے محروم نہیں کرسکتی ۔ انہوںنے کہاکہ مسلمان یکساں سلوک کے مستحق ہیں۔ بھارت کے آئین کے مطابق تمام مذاہب اور انکے ماننے والے یکساں ہیں ۔فاروق عبداللہ نے کہاکہ کشمیریوں کو مذہب کی بنیاد پر تقسیم کرنے والے عناصر کی سازشوں کو ناکام بنایاجائے گا۔ انہوں نے مزیدکہا کہ تفرقہ انگیز قوتوں کو روکا جانا چاہیے اور انہیں کامیاب نہیں ہونے دینا چاہیے۔کشمیری پنڈتوں کی مقبوضہ کشمیر واپسی کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ واپسی کا فیصلہ پنڈتوں نے خود کرنا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عمرعبداللہ کی زیر قیادت حکومت لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی طرف سے برطرف کئے گئے کشمیری سرکاری ملازمین کے معاملات دیکھے گی ۔