مقبوضہ جموں و کشمیر

جموں وکشمیر کی شناخت پر حملوں کو ناکام بنادیا جائے گا، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی

سرینگر29 نومبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے کہا ہے کہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے جموں و کشمیر کی منفرد شناخت پر حملوں کو بھرپور طریقے سے ناکام بنادیا جائے گا۔
پی ڈی پی کے ترجمان رئوف بٹ نے سرینگر میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کو فرقہ وارانہ بنیادوں پر تقسیم کرنے کی سازش میں ملوث عناصر کابائیکاٹ کیاجانا چاہیے۔ یہ عناصر جموں و کشمیر کی منفردشناخت پر حملہ کررہے ہیں لیکن ہم ان کے خلاف لڑیں گے اور ان کے مذمو م عزائم کا ہرممکن مقابلہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام متحد ہیں اوروہ اپنے خلاف مودی حکومت کی طرف سے کی جانیوالی سازشوں سے بخوبی آگاہ ہیں۔ انہوں کے کہاکہ جموں کے عوام کو وادی کشمیر کے عوام کے خلاف، شیعہ کو سنی کے خلاف اور پہاڑی لوگوں کو گجروں کے خلاف کھڑا کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ان ہتھکنڈوں کے ذریعے مودی حکومت مقبوضہ علاقے میں اپنے ہندوتوا عزائم کی تکمیل چاہتی ہے ۔تاہم انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام کو اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ پی ڈی پی کے ترجمان نے عزم ظاہر کیاکہ جموں و کشمیر کے عوام فرقہ پرست اور فسطائی طاقتوں کے عزائم کو ناکام بنادیں گے ۔رئوف بٹ نے تنازعہ کشمیر کے حل کرنے کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہا کہ اس دیرینہ تنازعہ کو صرف مذاکرات کے ذریعے ہی حل کیاجاسکتا ہے ۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button