مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بورڈ کے طلبا ء کے لیے انٹر مائیگریشن سرٹیفکیٹ لازمی قرار
سرینگر25ستمبر(کے ایم ایس)غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بورڈ آف سکول ایجوکیشن نے کہا ہے کہ وہ 10ویں یا 12ویں جماعت کے کسی بھی طالب علم کو بورڈ کی طرف سے جاری کردہ انٹر مائیگریشن سرٹیفکیٹ کے بغیر ایک الحاق شدہ ادارے سے دوسرے میں منتقل ہونے کی اجازت نہیں دے گا۔
بورڈ نے یہ بات تعلیمی سیشن 2022-23کے لیے وادی کشمیر سے جموں خطے میں ہجرت کے شیڈول کے حوالے سے ایک نوٹیفکیشن میں بتائی۔ نوٹیفکیشن میں بتایاگیا کہ علاقے میں یکساں تعلیمی کیلنڈر کے نفاذ کے بعد تمام متعلقہ افراد کی معلومات اور عملدرآمد کے لیے یہ مطلع کیا جاتا ہے کہ تعلیمی سیشن 2022-23کے لیے تسلیم شدہ اداروں یا اسکولوں کے 10ویں اور 12ویں جماعت کے ریگولر امیدوار وادی کشمیر سے جموں خطے کی طرف ہجرت کے خواہشمند افراد کوایسا کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اداروں کے سربراہان اس وقت تک منتقلی کا سرٹیفکیٹ جاری نہیں کریں گے جب تک کہ بورڈ آف سکول ایجوکیشن کی طرف سے کسی امیدوار کے حق میں مائیگریشن کی منظوری نہیں دی جاتی ہے۔