بھارت کشمیری عوام سے کئے گئے وعدوں کی پاسداری کرے : دیویندر سنگھ
سرینگر05 اکتوبر (کے ایم ایس)غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں حریت رہنما اور سوشل پیس فورم کے چیئرمین ایڈووکیٹ دیویندر سنگھ بہل نے کہاہے کہ کشمیری عوام اپنے حق کیلئے جدوجہد کررہے ہیں جس کا وعدہ بھارتی قیادت نے کشمیری عوام سے اقوام متحدہ میں عالمی برادری کے سامنے کررکھا ہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق دیویندر سنگھ بہل ایک وفد کے ہمراہ پیپلز لیگ کے رہنما ظہور احمد شیخ کے بہنوئی قاسم سجاد کے انتقال پر لواحقین سے اظہار تعزیت کے لئے ان کے گھر گئے۔ انہوں نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام بھارت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ان وعدوں کی پاسداری کرے جو اس نے اقوام متحدہ میں کشمیری عوام سے کررکھے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام چاہے وہ سکھ ہوں، مسلم ہوں یا ہندو ہو ں،اپنے حق کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے ۔انہوں نے بھارت اور پاکستان پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق حل کرانے کیلئے بامعنی مذاکرات شروع کریں۔ حریت رہنما نے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل نہیں کیا جاتا، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ جنوبی ایشیا کے خطے کو ایٹمی جنگ سے محفوظ رکھنے اور تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کرانے میں اپنا کردار ادا کرے۔