انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر کا شیخ العالم کے عرس پرانہیں زبردست خراج عقیدت
سرینگر22اکتوبر(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںانجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے اپنی اورغیر قانونی طوپررنظر بند تنظیم کے سربراہ میرواعظ عمر فاروق کی طرف سے کشمیر کے بلند پایہ ولی کامل حضرت شیخ العالم شیخ نو رالدین نورانی کے عرس پرانہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیاہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انجمن اوقاف نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں شیخ العالم کو جنہیں کشمیری پیار اور محبت سے نند ریشی کے نام سے یاد کرتے ہیں، شریعت و طریقت اور حقیقت و معرفت کاپیکر زیبا قرار دیا ہے۔انجمن نے کہا کہ5اگست2019سے مسلسل گھر میں نظربندی کے باعث میرواعظ اہلیان چرار شریف کی دعوت پر حسب معمول آستانہ عالیہ چرار شریف جاکر حضرت علمدار کشمیر کی عظیم الشان اور ناقابل فراموش دینی، ملی اور اصلاحی خدمات کو خراج عقیدت پیش نہیں کرپا رہے ہیں جو انتہائی افسوسناک اور کشمیری عوام کیلئے باعث تشویش ہے۔بیان میں حضرت علمدار کشمیر کے603ویں سالانہ عرس پاک کی مناسبت سے کہا گیا کہ شیخ العالم ایک اعلی پایہ کے دینی ور وحانی پیشوا اورایک عظیم مصلح اورمربی تھے جنہوں نے قرآن حکیم کی ابدی اور لافانی تعلیمات کو ہماری مادری زبان کشمیری میں پیش کرنے کی ایک انتہائی کامیاب اور مخلصانہ کوشش کی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ صدیاں گزر جانے کے باوجود انکے کلام کی معنویت، افادیت، اہمیت اورچاشنی میں کوئی کمی نہیں آئی ہے۔ بیان میں کہاگیا کہ شیخ نور الدین نوارنی کے کلام کو آج بھی کشمیری عوام خاص طور پر واعظین و مبلغین پوری عقیدت کے ساتھ مجالس میں پڑھتے اور پڑھاتے ہیں۔انجمن نے کہا کہ حضرت شیخ نور الدین ولی کا عرس منانے کا حق تب ہی ادا ہو سکتا ہے جب کشمیری عوام آج کے نا مساعد حالات کے تناظر میں انکے دکھائے ہوئے شریعت اور طریقت اور خدمت خلق کے راستے کی حقیقی معنوں میں عملی طور پر پیرو ی کریں۔