جمہوریت کے نام نہاددعویدار بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو عملاًفوجی چھائونی میں تبدیل کررکھا ہے ، محمو د ساغر
اسلام آباد 02دسمبر (کے ایم ایس)
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیرشاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے کہاہے کہ جمہوریت اور سیکولرازم کے نام نہاددعویدار بھارت نے غیر قانونی طورپر زیر قبضہ جموں و کشمیر کو عملاً فوجی چھائونی میں تبدیل کررکھاہے اور بھارتی فوجی مقبوضہ علاقے میں انسانی حقو ق کی سنگین پامالیوں میں ملوث ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمود احمد ساغر نے اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجی روزانہ کی بنیاد پر نہتے شہریوں کو قتل اور املاک اور مکانات کو تباہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام بدترین ریاستی دہشت گردی کے باوجود اپنے مادر وطن پر بھارت کے غیر قانونی تسلط اور 5 اگست 2019کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدمات کو یکسر مسترد کرتے ہیں اور وہ اپنی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہیں ۔محمود ساغر نے کہاکہ بھارتی قابض انتظامیہ نے کشمیری حریت قیادت کو گھروں اور جیلوں میں مسلسل غیر قانونی طورپر نظربند کر رکھا ہے جبکہ ہزاروں کشمیری جن میں بیشتر نوجوانوں شامل ہیں پبلک سیفٹی ایکٹ جیسے کالے قوانین کے تحت قید ہیں ۔انہوں نے کہاکہ غیر قانونی طورپر نظربند کشمیریوں میں 15سال کے لڑکوں سمیت نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد شامل ہے ۔انہوں نے کہاکہ یہ انسانی حقوق کی تذلیل ہے کہ درندہ صفت بھارتی فوج نہتے کشمیری جوانوں کو والدین کے سامنے بدترین ظلم و تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد حراست کے دوران لاپتہ کردیتی ہے ۔محمود ساغر نے کہا کہ طاقت کے بل پر کسی بھی قوم کو زیادہ دیر تک محکموم نہیں رکھاجا سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کیلئے پر امن جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہند انتہاپسند تنظیم راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ کے فسطائی ایجنڈے پر عمل پیرا مودی حکومت نے کشمیری عوام کے تمام بنیادی حقوق سلب کر رکھے ہیں ۔انہوں نے اقوام متحدہ اورعالمی برادری پر زور دیاکہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر جاری ظلم و تشدد اور بھارت کا غیر قانونی تسلط ختم کرانے کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کرے تاکہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے پائیدار حل کی راہ ہموار ہو سکے ۔ حریت رہنماء نے حکومت پاکستان سے بھی اپیل کی کہ وہ بھارت کے غیر قانونی اقدامات کو دنیا بھر میں بے نقاب کرنے کے لیے اپنی سفارتی مہم میں تیزی لائے ۔