APHC

او آئی سی کے اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل کومقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی اقدامات پر بریفنگ

اسلام آباد13دسمبر(کے ایم ایس)
کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں وکشمیر شاخ کے ایک وفد نے کنوینر محمود احمد ساغر کی سربراہی میں اسلامی تعاون تنظیم کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل یوسف الدوبے سے ملاقات کی اور انہیں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے کشمیردشمن اقداما ت کے بارے میں ایک یادداشت پیش کی۔
وفد نے او آئی سی کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل یوسف الدوبے کو جو کشمیر کے بارے میں او آئی سی کے خصوصی ایلچی ہیں ، مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پرانسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے ،نام نہاد حلقہ بندیوںکے نام پرمتعصبانہ اقدامات اور زمینوں پر قبضے سمیت بھارتی سازشوں سے آگاہ کیا۔او آئی سی کے معزز مہمان کو مذہبی اور سیاسی تنظیموں پرعائد پابندی اور سکولوں کی بندش سے ہزاروں طلبا ء کا تعلیمی مستقبل تاریک ہونے کے خطرات کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔یوسف الدوبے نے کشمیر کاز کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل پر زور دیا۔او آئی سی کا رابطہ گروپ تنظیم کے رکن ممالک کی نمائندگی کر رہا ہے اور کشمیر ایک اہم مسئلہ ہے جو او آئی سی کے ایجنڈے پرموجود ہے۔انہوں نے کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں وکشمیر شاخ کے وفد کو یقین دلایا کہ اس دورے کی مکمل رپورٹ تیار کرکے وزرائے خارجہ کی کونسل میں پیش کی جائے گی ۔اوآئی سی میں سعودی عرب کے نمائندے ڈاکٹر صالح حمد ، ترکی کے نمائندے مہمت میتن اور نائیجریا کے نمائندے ملاقات میں موجود تھے ۔ وفد میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنماء محمود احمد ساغر، سید فیض نقشبندی، سید یوسف نسیم، الطاف حسین وانی، ثنا ء اللہ ڈار، جاوید احمد بٹ اور نثار مرزا شامل تھے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button