آزاد کشمیر

کشمیر کے بارے میں غلط معلومات پر مبنی بھارتی مہم کو بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے: صدر آزادکشمیر

میرپور04دسمبر(کے ایم ایس)آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کشمیر کے بارے میں غلط معلومات پر مبنی بھارت کی مہم کو بے نقاب کرنے کے لیے اقدامات کرنے پر زوردیا ہے۔
بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے میرپور ڈویژن کے قصبہ کھوئی رٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیر کے حوالے سے عالمی برادری کو گمراہ کرنے کے لیے جھوٹے پروپیگنڈے پر مبنی مہم چلارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنی فورسز کے جرائم اور ریاستی دہشت گردی کو چھپانے کے لیے جموں وکشمیرمیں موجود اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کو وہاں سے جانے پر مجبور کر رہی ہے تاکہ دنیا کو کشمیر اور اس کے ارد گردخاص طورپر کنٹرول لائن کی اصل صورتحال کا علم نہ ہو سکے ۔قبل ازیں کوٹلی میں اپنے اعزاز میں دیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر سلطان نے کہا کہ اگست 2019میں مودی حکومت کی جانب سے کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے فورا بعد انہوں نے بھارت کے مذموم منصوبے کو بے نقاب کرنے کے لیے ایک جامع مہم شروع کی جس کے تحت مختلف یورپی دارالحکومتوں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔آزاد جموں و کشمیر کے صدر نے کہا کہ انہوں نے اس اقدام کے پیچھے بھارت کے مذموم عزائم کو بے نقاب کرنے کے لیے امریکہ، برطانیہ، یورپ، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک کا دورہ کیا۔انہوں نے کہا کہ اپنے دوروں کے دوران میں نے عالمی برادری کو تنازعہ کشمیر اورمقبوضہ جموں وکشمیرمیں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ صدر آزاد جموں و کشمیر نے اپنے حالیہ دورہ امریکہ، برطانیہ اور دیگر یورپی ممالک کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان دوروں کے دوران وہ کشمیر کا مقدمہ موثر انداز میں پیش کرنے اورمسئلہ کشمیر کے جلد حل کے لئے عالمی برادری کو احساس دلانے میں کامیاب رہے ہیں۔مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے آزاد جموں و کشمیر کے صدر نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر بھارت کے ناجائز قبضے سے آزاد ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد ہر محاذ پر اس وقت تک جاری رہے گی جب تک کشمیر بھارت کے ناجائز قبضے سے آزاد نہیں ہو جاتا۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button