1993کے ممبئی دھماکوں کی آڑ میں مسلمانوں کو بدنام کرنے کی سازش رچائی گئی تھی، بھارتی صحافی
ممبئی04دسمبر(کے ایم ایس) معروف بھارتی صحافی جتیندر دکشت نے کہا ہے کہ 1993 میں ممبئی میں ہونے والے سلسلہ وار بم دھماکوں کی آڑمیں مسلمانوں کو بدنام کرنے کی سازش رچائی گئی تھی۔انہوںنے کہا کہ اگر ہم نے فرقہ وارانہ اتحاد کو نقصان پہنچانے کا عمل بند نہ کیا تو وہ دن دور نہیں جب بھارت کو خانہ جنگی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
مراٹھی ٹیلی ویژن نیوز چینل ”اے بی پی مازھا “ کے مغربی بھارت کے چیف جتیندر دکشت نے ان خیالات کا اظہار بابری مسجد کی شہادت کے بعد ممبئی میں ہونے والے فرقہ وارانہ فسادات اور سلسلہ وار بم دھماکوں پر لکھی گئی اپنی کتاب” ممبئی آفٹر ایودھیا اے سٹی ان فلکس“ پر تبصرہ کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے اپنی کتاب میں فرقہ وارانہ فسادات اور بم دھماکوں کا تفصیلی جائزہ لیاہے۔ انہوںنے مزید کہا کہ ملک کے موجودہ حالات نے ہر کسی کے ذہنوں میں فرقہ واریت کا زہر گھول دیا ہے اور اگر اب بھی ہم نہیں سنبھلے اور ہندو مسلم اتحاد کو برقرار نہیں رکھا تو پھر وہ دن دور نہیں جب بھارت کو خانہ جنگی کا سامنا کرنا پڑے گا اور ہم تباہی و بربادی کے دہا نے پر کھڑے ہونگے۔