مودی حکومت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقو ق کی سنگین پامالیاں جاری رکھے ہوئے ہے، احسن اونتو
جموں 09 دسمبر (کے ایم ایس)
دنیا جب 10دسمبر بروز ہفتہ کوانسانی حقوق کا عالمی دن منارہی ہوگی مودی کی فسطائی حکومت بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیرمیںانسانی حقو ق کی سنگین پامالیاں جاری رکھے ہوئے ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ان خیالا ت کا اظہار انٹر نیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہومن رائٹس کے چیئر مین محمد احسن اونتو نے 10دسمبر کو منائے جانیوالے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر جموں کی کوٹ بھلوال جیل سے جاری ایک پیغام میں کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا نام نہاددعویدار بھارت مقبوضہ کشمیرمیں ہٹلر کی طرح انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری رکھے ہوئے ہے،جس پر پوری دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ دیالگام اسلام آباد کے رہائشی خورشید احمد گنائی ولد بشیر احمد گنائی کو چار سال پہلے پبلک سیفٹی ایکٹ اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قوانین کے تحت گرفتار کر کوٹ بھلوال جیل میں قید کیاگیا تھا ۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی پولیس نے 29نومبر کو اسلام آباد میں خورشید گنائی کے گھر پر چھاپہ مار کر اس کی بہن شاہینہ اور ایک بچی کو جو دونوں دل کے عارضے میںمبتلا ہیںکو گرفتار کر کے انٹیروگیشن سینٹر منتقل کردیاہے۔ انہوں نے کہاکہ پولیس نے دو دن بعد بچی کو چھوڑ دیا تاہم شاہینہ کو غیر قانونی نظربندی کے دوران بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جارہاہے۔ انہوں نے کہاکہ شاہینہ کے سر اور چہرے پر بھارتی پولیس کے تشدد کے واضح نشانات موجود ہیں اور انہیں مختلف جھوٹے الزامات میں ملوث کیاجارہا ہے۔احسن اونتو نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ شاہینہ سمیت دیگر کشمیری نظربندوںکی رہائی کیلئے مودی حکومت پر دبائو بڑھائے جس نے مقبوضہ علاقے میںنہتے کشمیریوں کے خلاف ظلم و تشدد کا بازار گرم کررکھا ہے ۔