پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ وزیر اعظم
اسلام آباد 10دسمبر (کے ایم ایس )وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر لازم ہے کہ ہم بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کا جائزہ لیںجہاں کشمیریوں کو ان کے حق خودارادیت سے محروم رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کیلئے اپنی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
شہباز شریف نے انسانی حقوق کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کو حق خود ارادیت سے محروم رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حق خود ارادیت لوگوں کی اجتماعی اور انفرادی آزادی کا نام ہے لیکن اسے دہشتگردی کے بیانیے کے ذریعے پامال کیا گیا، فوجی کارروائیوں کے ذریعے کشمیریوں کے آزادی کے حق کو کچلنے کی کوشش کی گئی۔انہوں نے کہا کہ ہمیںکشمیریوں کے حقوق کیلئے اپنی اجتماعی کوششیں جاری رکھنی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے جائز حق خودارادیت کے حصول کے لئے ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کا بھی عہد کرتا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں بانیِ پاکستان کے نظریے کو فراموش نہیں کرناچاہیے، قائداعظم ایک ایسا آزاد ملک چاہتے تھے جہاں ہر ایک کو مساوی حقوق حاصل ہوں۔