مقبوضہ جموں وکشمیر: بھارتی انتظامیہ نے پابندیاں مزید سخت کردیں
سرینگر07اکتوبر (کے ایم ایس )
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں قابض بھارتی انتظامیہ نے نامعلوم افراد کے ہاتھوں متعدد افراد کے حالیہ قتل اور آزادی کے حق میں مظاہروں کے بعد مقبوضہ وادی میں پابندیاں مزید سخت کر دی ہیں ۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوج ، سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور سپیشل آپریشنز گروپ کے اہلکار وں نے سرینگر ، پلوامہ ، بڈگام اور دیگر اضلاع میں تلاشی کی کارروائیوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔ قابض اہلکار جگہ جگہ گاڑیوں، مسافروں اور راہگیروں کی تلاشی لے رہے ہیں۔
دریں اثنا نامعلوم مسلح افراد کے ہاتھوں منگل کے روز قتل ہونے والے معروف کیمسٹ مکھن لال بندرو کے غمزدہ اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے سرینگر کے علاقے اقبال پارک اور اسکے ملحقہ علاقوںمیں دکانیں اور کاروباری مرکز بند ہیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر حریت تنظیموں نے کہا ہے کہ مکھن لال کو بھارتی ایجنسیوں نے قتل کروایا ہے تاکہ کشمیری مسلمانوں اور علاقے کی اقلیتوں کے درمیان خلا پیدا کیا جاسکے۔