APHCآزاد کشمیر

مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کی بڑھتی ہوئی ریاستی دہشت گردی پر اظہار تشویش

mehmood sagharاسلام آباد 29دسمبر (کے ایم ایس)
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیرشاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی بڑھتی ہوئی ریاستی دہشت گردی پر شدید تشویش ظاہر کی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمود احمد ساغر نے اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں گزشتہ روز ضلع جموں میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں مزید4 بے گناہ کشمیری نوجوانوں کے قتل کی شدید مذمت کی ۔انہوں نے کہاکہ فوجیوں نے نوجوانوں کو محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کی آڑ میں ایک جعلی مقابلے میں اس وقت شہید کردیاجب وہ ضلع کے علاقے سدرہ میں سفر کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی فوجی اپنی ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کے دوران رواں ماہ اب تک 10کشمیریوں کو شہید کر دیاہے جن میں سے 7کشمیریوں کوجعلی مقابلوں یا حراست کے دوران شہید کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ اس عرصے کے دوران بھارتی فورسز اور بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی اے کے اہلکاروں کی طرف سے مختلف علاقوں سے30کشمیریوں کو گرفتار کیاگیا جبکہ محاصرے اور تلاشی اور گھروں پر چھاپوں کی 195کارروائیاں کی گئیں۔انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ بھارتی فوجی جموں وکشمیر کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کیلئے کشمیریوں کی نسل کشی جاری رکھے ہوئے ہیں ۔محمود احمد ساغر نے شہید کشمیری نوجوانوں کوشاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوجی مقبوضہ علاقے میں مسلسل نہتے کشمیری نوجوانوں کاقتل عام جاری رکھے ہوئے ہیں جو انتہائی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے واضح کیاکہ بھارت اپنے ظالمانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے عالمی سطح پر تسلیم شدہ جموںو کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو تبدیل نہیں کرسکتا۔ انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ کشمیرکے بارے میں اپنی ظالمانہ پالیسی ترک کرے اور کشمیریوں کو ان کا ناقابل تنسیخ حق خودارادیت دے تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکے ۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینر نے کہاکہ کشمیری شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہا بھارتی قابض فوجی اپنے ظالمانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہدآزادی کو دبانے میں ناکام ہو چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی خواہشات اوراقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق دیرینہ تنازعہ کشمیرکے دیر پااور پائیدار حل کے بغیر خطے میں امن قائم نہیں ہو سکتا ۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی اداروںسے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر میںبھارت کے انسانیت سوز مظالم کا فوری نوٹس لے اور یہ سلسلہ بند کرانے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائے ۔محمو دساغر نے بھارت کی جیل میں غیر قانونی طورپر نظربند حریت رہنما عبدا الصمد انقلابی کی والدہ کی وفات پر دکھ اور افسوس کا بھی اظہار کیا۔

دریں اثنا، کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے رہنما، الطاف احمد بٹ نے بھی اسلام آباد میں ایک بیان میں جموں کے علاقے سدھرہ میں چار نوجوانوں کو جعلی مقابلے میں شہید کرنے کی مذمت کی۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ مودی حکومت نے بھارتی فوجیوں کو کشمیریوں کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے پر سزا دینے دینے کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری مداخلت کرے اور بھارت کو مقبوضہ جموںوکشمیرمیں اپنی ریاستی دہشت گردی بند کرنے اور تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کرنے پر مجبور کرے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button