سرینگر میں رواں موسم کی پہلی برف باری، تاریخی مغل روڈ و دیگر شاہراہیں بند
سرینگر 30دسمبر ( کے ایم ایس ) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر کے پہاڑی و میدانی علاقوں میں جمعرات کو شروع ہونے والی برف باری سے ہرطرف سفید چادر بچھ گئی ہے۔ سرینگر میں بھی رواں موسم سرما کی پہلی برف ہوئی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وادی کشمیر کے تقریباً تمام علاقوں میں جمعرات کی سہہ پر سے برف باری کا سلسلہ شروع ہوا اور شام ڈھلنے تک سرینگر سمیت پوری وادی نے برف کی سفید چار اوڑھ لی۔ یہ برف باری چلہ کلاں(سرد ترین موسم)کی پہلی برف ہے ۔ برف کی وجہ سے وادی میں سردی کی شدت میں قدرے میں کمی محسوس کی گئی اور خشک موسم کے ایک لمبے سلسلے کا بھی خاتمہ ہو گیا۔
وادی کے بالائی علاقوں گلمرگ، پہلگام، سونہ مرگ ، ٹنگہ مرگ ، کپواڑہ وغیرہ میں کئی انچ برف ریکارڈ کی گئی ۔
برف باری کے نتیجے میں تاریخی مغلم روڈ، سرینگر لیہہ شاہرہ ا، گریز بانڈی پورہ روڈ ، زوجیلا کیرن روڈ پر ٹریفک کی آمد ورفت بند ہو گئی ہے تاہم مقبوضہ وادی کشمیر کو بیرونی دنیا سے ملانے والی واحد سرینگر جموںوشاہراہ پر آخری اطلاعات تک ٹریفک کا سلسلہ جاری تھا۔محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی کشمیر میں آج(30دسمبر) تک ہلکی سے درمیانی درجے کی برفباری جاری رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ بعد ازاں موسم میں بتدریج بہتری واقع ہو سکتی ہے اور 5جنوری تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔