APHC

نظر بند حریت قیادت کی کشمیریوں سے کل” یوم سیاہ“ منانے کی اپیل

غیر قانونی بھارتی قبضے سے کشمیریوں کی شناخت کو شدید خطرہ لاحق

سری نگر: کل جماعتی حریت کانفرنس کی غیر قانونی طور پر نظر بند قیادت نے کشمیریوں سے کل 27 اکتوبر کو” یوم سیاہ“ کے طور پر منانے کی اپیل کی ہے جسکا مقصد بی جے پی کی ہندو توا بھارتی حکومت اور عالمی برادری کو یہ واضح پیغام دینا ہے کہ کشمیری اپنے وطن پر بھارت کے فوجی قبضے کو مسترد کرتے ہیں اور وہ آزادی کے لیے اپنی جدوجہد مقصد کے حصول تک جاری رکھیں گے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ اور دیگر رہنماﺅں نے جیل سے اپنے پیغامات میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں پر زور دیا کہ وہ کل مکمل ہڑتال کرکے بھارت کو یہ پیغام دیں کہ وہ حق خود ارادیت کے حصول تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے 27 اکتوبر 1947 کو جموں و کشمیر پر فوجی یلغار کر کے ایک بڑی جارحیت کی ہے ، بھارتی حملہ کشمیریوں کے سیاسی اور جمہوری حقوق پر حملہ تھا،حملے سے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہوئی ہے اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق غصب ہوئے ہیں۔مسرت عالم بٹ ،شبیر احمد شاہ نے واضح کیا کہ جموںوکشمیر پر بھارتی قبضے سے کشمیری کی شناخت خطرے میں ہے جبکہ پورے خطے میں امن و استحکام کو شدید خطرہ لاحق ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے کبھی بھی بھارتی تسلط کو تسلیم نہیں کیا اور اسکے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہیں۔ نظر بند رہنماﺅںنے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ جموںوکشمیر پر بھارتی قبضے کے خاتمے اور کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق، حق خود ارادیت دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔
دریںا ثنا کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی، محمود احمد ساغر، محمد فاروق رحمانی، الطاف حسین وانی اور دیگر نے اپنے بیانات میں کہا کہ بھارت 27 اکتوبر 1947 سے کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری کل دنیا بھر میں یوم سیاہ منائیں گے تاکہ بھارتی جبری قبضے کو واضح طور پر مسترد کیا جا سکے اور آزادی کی پرامن جدوجہد مقصد کے حصول تک جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر پر بھارتی قبضے سے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کو سخت خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جموں وکشمیر پر بالکل اسی پالیسی پر عمل پیرا ہے جو اسرائیل نے فلسطین میں اپنا رکھی ہے۔جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے ترجمان رفیق احمد ڈار نے بھی ایک بیان میں کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں۔ انہوں نے کہا کہ گوکہ کشمیریوں کو بڑے پیمانے پر بھارتی جبر کا سامنا ہے لیکن وہ اپنے حق مزاحمت پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ بھارت نے 27اکتوبر1947کو تقسیم برصغیر کے فارمولے کی صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے جموں وکشمیر کی مسلم اکثریتی ریاست پر اپنا تسلط جما لیا تھا۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button