کشمیری پنڈت ملازمین کی حالت زار کی ذمہ داربی جے پی کی ”استعمال کرو اور پھینک دو” پالیسی ہے: کانگریس
نئی دہلی10جنوری(کے ایم ایس)بھارت میںکانگریس پارٹی کے صدر ملک ارجن کھرگے نے کہا ہے کہ کشمیری پنڈت ملازمین کی حالت زار کی ذمہ داربھارتیہ جنتا پارٹی کی”استعمال کرو اورپھینک دو” کی پالیسی ہے۔
ملک ارجن کھرگے نے آج ایک ٹوئٹ میں کہا کہ کشمیری پنڈت ملازمین گزشتہ245دن سے زائد عرصے سے احتجاج کر رہے ہیں اور اپنے حق زندگی اور منتقلی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ان کی تنخواہیں کئی مہینوں سے روکی گئی ہیں اور ان کی سیکورٹی پر سمجھوتہ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی کی استعمال کرو اور پھینک دوکی پالیسی ان کی حالت زار کی ذمہ دار ہے۔گزشتہ سال مئی میں مقبوضہ جموں وکشمیر کے ضلع بڈگام کے علاقے چاڈورہ میںایک کشمیری پنڈت ملازم راہول بھٹ کو نامعلوم بندوق برداروں نے ان کے دفتر میں گولی مار کر قتل کر دیا تھا۔ اس قتل کے خلاف کشمیری پنڈت ملازمین احتجاج کررہے ہیں اور کام پر واپس جانے سے انکار کر رہے ہیں۔ احتجاجی ملازمین وادی کشمیر چھوڑ کر جموں میں مظاہرہ کررہے ہیں اورمطالبہ کررہے ہیں کہ جب تک وہاں حالات بہتر نہیں ہوتے انہیں وادی کشمیر سے باہر منتقل کیا جائے۔اگرچہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بی جے پی کی زیر قیادت انتظامیہ کشمیری پنڈتوں کے زیادہ تر مطالبات ماننے پر راضی ہوئی ہے لیکن اس نے انہیں وادی کشمیر سے باہر منتقل کرنے سے انکار کردیا۔ انتظامیہ نے احتجاجی ملازمین کے خلاف اپنا موقف سخت کرتے ہوئے کام پر واپس نہ آنے والوں کی تنخواہیں روک دی ہیں۔