بھارت :جوشی مٹھ صرف بارہ دنوں میں5.4سنٹی میٹر تک دھنس گیا، اسرو رپورٹ
دہرا دون14جنوری(کے ایم ایس)بھارتی سپیس ریسرچ آرگنائیزیشن (اسرو) نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ ریاست اترا کھنڈ کے شہر جوشی مٹھ میں صرف 12دنوں کے اندر زمین 5.4سنٹی میٹرتک دھنس گئی ہے۔
اسرو کے نیشنل ریموٹ سنسنگ سنٹر (این آر ایس سیµ کی طرف سے جاری کی گئیں سٹیلائٹ تصاویر سے ظاہر ہوتا ہے کہ 27دسمبر2022 تارواں برس 8جنوری کے درمیان زمین5.4سنٹی میٹر تک دھنس گئی ہے۔ رپورٹ میں عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا گیا کہ زمین کے تیزی سے دھنسنے کی شروعات 2جنوری2022کو ہوئی تھیں جس کے بعد مسلسل دھنستی جارہی ہے ۔ خلائی ایجنسی نے یہ بھی پتہ چلایا ہے کہ گزشتہ برس اپریل اور نومبر کے درمیان جوشی مٹھ 9سنٹی میٹر دھنس گیا۔ جوشی مٹھ میں عمارتوں اور سڑکوں پر بڑی بڑی دراڑیں پڑ گئی ہیں اور شہر تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا ہے۔
تقریباً چار ہزر افراد کو ریلیف کیمپوں میں منتقل کر دیاگیا ہے۔ سٹیلائٹ سروے کے بعد حکومت اترا کھنڈنے کہا ہے کہ 678کے قریب مکانات خطرے میں ہیں ۔ دریں اثنا مقامی افراد اور ماہرین نے علاقے میں اس تباہی کا ذمہ دار غیر منصوبہ بند ترقیاتی منصوبوں کو ٹھہرایا ہے ۔ خاص طور پر پن بجلی کے ایک منصوبے کو ذمہ دار قرار دیا جا رہا ہے جس کیلئے پہاڑوں میں سرنگیں کھودی جارہی ہیں۔