پاکستان

پاکستان تنازعہ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کے حل کیلئے بھارت سے سنجیدہ مذ اکرات کیلئے تیار ہے ، وزیر اعظم شہباز شریف

اسلام آباد17 جنوری (کے ایم ایس)
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے کہا ہے کہ پاکستان تنازعہ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کے حل کیلئے بھارت سے سنجیدہ مذ اکرات کیلئے تیار ہے ۔
شہباز شریف نے دبئی کے العربیہ ٹی وی چینل کوایک انٹرویو میں کہاکہ بھارتی قیادت اور وزیر اعظم نریندر مودی کو میرا یہ پیغام ہے کہ وہ ہمارے ساتھ مل بیٹھ کر تمام مسئلہ کشمیر جیسے دیرینہ تصفیہ طلب تنازعات حل کریں تاکہ خطے میں ہتھیاروں کی دوڑ کی بجائے اپنے وسائل غربت اور بے روزگاری کے خاتمہ کے ساتھ ساتھ معیاری تعلیم اور صحت کی سہولیات پر صرف کئے جاسکیں ۔انہوںنے نریدر مودی سے 5اگست 2019 کے یکطرفہ اورغیر قانونی اقدام کو واپس لینے کیلئے بھی زوردیا۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں، یہ سلسلہ بند ہونا چاہیے اور دنیا کو یہ پیغام دیاجانا چاہیے کہ بھارت بات چیت پر تیار ہے، ہم مکمل طور پر بات چیت کیلئے تیار ہیں، کشمیریوں کو ملنے والے حقوق یکطرفہ طور پر 5 اگست 2019 کویکطرفہ طورپر جموں وکشمیر کی دفعہ370کے تحت حاصل خصوصی حیثیت کی منسوخی سے ختم کر دیئے گئے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ بھارت ہمارا ہمسایہ ملک ہے، گو کہ ہم اپنی پسند سے ہمسائے نہیں ہیں، یہ ہم پر ہے کہ ہمیں امن و خوشحالی سے رہنا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تین جنگیں ہو چکی ہیں، ان جنگوں کے نتائج مزید غربت، بے روزگاری اور لاکھوں لوگوں کی زندگیوں میں ابتری کے طور پر سامنے آئے۔ شہباز شریف نے کہاکہ میرا بھارت کی قیادت اور وزیراعظم مودی کو یہ پیغام ہے کہ وہ ہمارے ساتھ بیٹھیں اور تمام حل طلب مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ بات چیت کریں۔ انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک جوہری طاقتیں ہیں،تاہم ہم خلوص دل کے ساتھ بھارت کے ساتھ بات چیت کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ جو سلوک کیا جا رہا ہے وہ سب کے سامنے ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ متحدہ عرب امارات کی قیادت بھارت اور پاکستان کے درمیان تعلقات میں بہتری کیلئے اہم کردار ادا کر سکتی ہے ۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button