پاکستان

مشعال ملک کامقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے پر زور

Mushaal Mullickاسلام آباد:
وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق و ترقی نسواں مشعال حسین ملک نے بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں وکشمیر میں ہندوستان کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کی توجہ ،مبذول کرانے اور کشمیریوں کو بااختیار بنانے کیلئے اسٹریٹجک اقدامات اور مسلسل کوششوں کی ضرورت پر زوردیا ہے ۔
مشعال ملک نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں کشمیر ایڈوائزری کمیٹی کے دوسرے مشاورتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے اجلاس کو پاکستان اور آزاد جموں و کشمیرکی 250سے زائد یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کے ساتھ اپنی حالیہ ملاقات پر ایک جامع بریفنگ دی۔ انہوں نے کشمیر کاز کو آگے بڑھانے کیلئے موثر تحقیق اور وکالت کے لیے نوجوانوں کی توانائیاں بروئے کار لانے کی اہمیت پر زور دیا اور اراکین کو کمیٹی کی سفارشات کی بنیاد پر آزاد جموں و کشمیر اور پاکستان کی یونیورسٹیوں میں کشمیر سیل کے قیام کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے یونیورسٹیوں میں طلبا کے ساتھ انٹرایکٹو سیشن منعقد کرنے پر زور دیا۔ مشعال ملک نے کشمیر کے کاز کو آگے بڑھانے میں کشمیری تارکین وطن کو فعال طور پر شامل کرنے کے لیے جاری اقدامات کی تفصیلات بتائیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ غیر ملکی یونیورسٹیوں کے ساتھ تعاون کو فروغ دیا جائے تاکہ مقبوضہ جموں و کشمیرمیں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی حقیقی تصویر دنیا کے سامنے لائی جا سکے۔ انہوں نے غیر ملکی یونیورسٹیوں میں خصوصی مباحثے منعقد کرنے کے عزم کا اظہار کیا جس کا مقصد مسئلہ کشمیر کو گہرائی سے سمجھنا اور کشمیری عوام کے لیے بین الاقوامی حمایت حاصل کرنا ہوگا۔مشعل ملک نے بھارت اور خاص طور پر بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں وکشمیر میں اقلیتوں کو درپیش سنگین چیلنجوں کی طرف بھی توجہ مبذول کروائی۔ انہوں نے مودی حکومت کی جانب سے آر ایس ایس کو خطے میں اپنے فسطائی نظریہ کو پھیلانے کی سہولت فراہم کرنے پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آر ایس ایس کا نظریہ نہ صرف ہندوستان میں اقلیتوں کے لیے بلکہ علاقائی امن کے لیے بھی خطرہ ہے۔معاون خصوصی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے آبادی کے تناسب کو بگاڑنے پرسخت تشویش کا اظہار کیا۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button