جنوری کو مقبوضہ کشمیر کی تاریخ میں کشمیریوں کے قتل عام کے مہینے کے طور پر یاد رکھا جائے گا،غلام گلزار
سرینگر 19جنوری (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما غلام احمد گلزار نے کہا ہے کہ ماہ جنوری کوجموں وکشمیر کی تاریخ میں کشمیریوں کے قتل عام کے مہینے کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق غلام احمد گلزار نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ سانحہ گا ئوکدل جاری تحریک آزادی کشمیرکی پہلا سفاکانہ واقعہ تھا ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی تسلط سے آزادی عظیم اور مقدس مقصد کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کشمیری عوام کے حقیقی ہیرو ہیں۔گا ئوکدل اور تحریک آزادی کے دیگر شہدا کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے، حریت رہنماء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہدا کی عظیم قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیاجائیگا کیونکہ کشمیری کبھی بھی کسی کو شہدا کے خون سے غداری کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کے ادھورے مشن کو اسکے منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔غلام احمد گلزار نے افسوس کا اظہار کیا کہ اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے پر بھارتی قابض فورسز نے 6لاکھ سے زائد کشمیریوں کو قتل کردیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری اپنے خون سے آزادی کی شمع روشن کرنے پر شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں۔سینئر حریت رہنما نے کہا کہ سانحہ گا ئوکدل اوربھارتی فوجیوں کے ہاتھوں کشمیریوں کے قتل عام کے دیگر واقعات بھارت کی نام نہاد جمہوریت پر ایک سیاہ داغ ہیں۔غلام احمد گلزار نے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ سنگین صورتحال پر عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور دنیا سے اپیل کی کہ وہ تنازعہ کشمیر کے مستقل حل کے لیے اپنا اہم کردار ادا کرے۔ انہوں نے اقوام متحدہ پر بھی زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی جرائم کی تحقیقات کرے اور ان میںملوث اہلکاروںکو سزائیں لوائے۔
ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں عبدالصمد انقلابی سید بشیر اندرابی اور خواجہ فردوس نے سرینگر میں جاری اپنے بیانات میں سانحہ گا ئوکدل کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری شہدا کی قربانیاں ایک دن ضروررنگ لائیں گی اور کشمیری بھارتی غلامی سے نجات حاصل کرلیں گے۔انہوں نے کہاکہ بھارت نے جموں و کشمیر پر فوجی طاقت کے بل پر غیر قانونی قبضہ کر رکھا ہے اور اپنے فوجیوں کو نہتے کشمیریوں کے قتل عام کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے ۔ حریت رہنمائوں نے کل جماعتی حریت کانفرنس کی طرف سے 21جنوری کو دی گئی ہڑتال کی کال کی حمایت کرتے ہوئے کشمیری عوام سے اس دن بھارت کے خلاف مکمل ہڑتال کی اپیل کی اور اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے کشمیریوں کے قتل عام کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرانے کی اپیل کی۔