بڑی طاقتیں فائنانشل ایکشن ٹاسک فورس کا غلط استعمال کررہی ہیں: رپورٹ
اسلام آباد 10 اکتوبر (کے ایم ایس) بڑی طاقتیں اور ان کے اتحادی ممالک ا پنے سیاسی مقاصد کے لئے فائنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کا غلط استعمال کررہے ہیں تاکہ پاکستان جیسے ممالک کوان کے موقف کی حمایت پر مجبور کیا جاسکے۔
کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے آج جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں ڈالنا یقینی طور پر کسی بھی چیز سے زیادہ ایک سیاسی عمل ہے ۔ رپورٹ میں ایف اے ٹی ایف پر زور دیا گیاکہ وہ پاکستان کے خلاف تعصب کا مظاہرہ بند کرے تاکہ اس کی ساکھ برقرار رہے۔ نگراں ادارے نے خود تسلیم کیا ہے کہ پاکستان نے 27 میں سے 26 نکات پر عمل کیا ہے لیکن مغربی طاقتیں اپنے ایجنڈے پر عمل کرانے کے لیے ایف اے ٹی ایف کو پاکستان پر دباو¿ ڈالنے کے لیے استعمال کر رہی ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے پیرس میں قائم نگراں ادارے کی تقریبا تمام شرائط پوری کیں لیکن اس کے باوجودایف اے ٹی ایف نے بھارت کی طرفداری کرتے ہوئے پاکستان کو مسلسل گرے لسٹ میںرکھا ہوا ہے۔ رپورٹ میں اس بات پر افسوس کا اظہار کیا گیا کہ بھارت طویل عرصے سے پاکستان کے خلاف اپنے چھوٹے موٹے سیاسی مقاصدکے لیے عالمی فورمز کا استعمال کر رہا ہے اور جب بھارت جیسے ممالک کی بات آتی ہے تو عالمی نگران ادارے دوسری طرف دیکھتے ہیں۔رپورٹ میں کہاگیاکہ ایف اے ٹی ایف بھارت کی منی لانڈرنگ کی سرگرمیوں کو نظر انداز کر کے اپنی ساکھ کھو رہا ہے کیونکہ وہ پاکستان میں دہشت گردی کی سرپرستی اورمالی معاونت کرتا رہا ہے لیکن ایف اے ٹی ایف بھارت کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کر رہا ہے۔ کلبھوشن یادوکی بلوچستان سے گرفتاری اور اس کا اعتراف کہ اس نے پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیاں کیں ، بھارت کی دہشت گردی کی مالی معاونت ثابت کرتا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت جیسے پسندیدہ ممالک کے ساتھ نمٹنے کے حوالے سے ایف اے ٹی ایف کی ساکھ کو چیلنج کرنے کی ضرورت ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پا کستان پہلے ہی دنیا کو ملک میں بھارتی دہشت گردی کے ناقابل تردید ثبوت فراہم کرچکا ہے اور پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کے بجائے بھارت کو ایف اے ٹی ایف کی بلیک لسٹ میں رکھنے کی ضرورت ہے۔