بی جے پی , آر ایس ایس نے بھارت میں نفرت کا ماحول پیدا کیا، راہول گاندھی
پٹھان کوٹ 20 جنوری (کے ایم ایس)انڈین نیشنل کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور اسکی سرپرست تنظیم راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے بھارت میں خوف و دہشت اور نفرت کا ماحول پیدا کر دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق راہول گاندھی نے اپنی بھارت جوڑو یاترا کے دوران بھارتی پنجاب کے شہر پٹھانکوٹ میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی غربت، بے روزگاری اور مہنگائی جیسے حقیقی مسائل پر توجہ دینے کے بجائے مذہب، ذات پات اور زبانوں کی بنیاد پر لوگوں کو تقسیم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے تمام پالیسیاں خوف و دہشت کا باعث بنتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تین متنازعہ زرعی قوانین کی وجہ سے کسانوں کے ذہنوں میں خوف پیدا ہوا ہے۔(کسانوں کے ایک طویل احتجاج کے بعد مودی حکومت نے یہ قوانین واپس لے لیے ہیں)۔ راجیوں گاندھی نے اگنی پتھ بھرتی سکیم پر بھی بی جے پی حکومت کو تنقید نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس سکیم نے فوج میں شمولیت کے خواہشمندوں کے خواب چکنا چور کردیے ہیں۔