سبھاس چندر بوس آر ایس ایس نظریات کے مخالف تھے: بیٹی انیتا بوس
کولکتہ 21جنوری(کے ایم ایس)بھارت میں تحریک آزادی کے رہنما آنجہانی سبھاس چندر بوس کی بیٹی انیتا بوس نے آر ایس ایس کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے والد آر ایس ایس کے نظریات کے مخالف تھے اور وہ تمام مذاہب کا احترام کرتے تھے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق آر ایس ایس بھارتی ریاست مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکتہ میں 23جنوری کو سبھاش چندر بوس کایوم پیدائش منانے کی تیاری کر رہی ہے، جس میں مرکزی مقرر آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت ہوں گے۔سبھاس چندر بوس کولکتہ کے رہنے والے تھے۔ انیتا بوس نے پورے پروگرام کی مخالفت کرتے ہوئے کہاکہ ان کے والد تمام مذاہب کا احترام کرتے تھے اور ان کا ماننا تھا کہ سب مل جل کر رہ سکتے ہیں۔ انیتا بوس نے کہامجھے نہیں لگتا کہ آر ایس ایس اس پر یقین رکھتی ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر آر ایس ایس سبھاس چندر بوس کے نظریے کو اپنانا شروع کردے تو یہ بھارت کے لیے اچھا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ سبھاس چندر بوس سیکولرازم میں یقین رکھتے تھے اور مجھے یقین نہیں ہے کہ آر ایس ایس اس کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آر ایس ایس ہندو قوم پرست نظریات کا پرچار کرنا چاہتی ہے تو یہ بوس کے نظریے سے میل نہیں کھاتا۔انہوں نے کہا اگر نیتا جی کو اس کے لیے استعمال کیا جاتا ہے تو میں اس کے حق میں نہیں ہوں۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ کے سربراہ موہن بھاگوت 23جنوری کو کولکتہ میں ایک ریلی کرنے والے ہیں اور اس دوران وہ سبھاش چندر بوس کو ان کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت بھی پیش کریں گے۔