بیانات

کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہیں، فاروق رحمانی

اسلام آباد 26 جنوری (کے ایم ایس) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیرشاخ کے سابق کنوینر محمد فاروق رحمانی نے کہا ہے کہ کشمیری عوام آج بھارت کے نام نہاد یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں کیونکہ اس نے جموں وکشمیر پر فوجی طاقت کے بل پر قبضہ جما رکھا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محمد فاروق رحمانی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت نے جارحیت کی اور 1947 میں جموں و کشمیر میں فوجی دستے بھیجے اور پھر کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ مودی کی زیر قیادت فسطائی بھارتی حکومت نے 2019 میں جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت منسوخ کی اور مقبوضہ علاقے میں اپنی نوآبادیاتی پالیسی کو آگے بڑھانے کے لیے اسکا فوجی محاصرہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے مقبوضہ علاقے میں بھارتی ہندوﺅں کو بسانے کے لیے مقبوضہ علاقے کے ڈومیسائل قوانین ترمیم کی اور اس نے اب تک لاکھوں غیر کشمیریوں کو علاقے کے ڈومیسائل سرٹیفکیٹ دیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی مسلمانوں کو بھی اپنی ہی سرزمین پر غلام بنایا گیا ہے اور مودی حکومت شہریت ترمیمی ایکٹ کے ذریعے انہیں ملک سے نکال دینا چاہتی ہے۔ محمد فاروق رحمانی نے کہا کہ مسلمانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ہندو بن کر رہیں ورنہ پاکستان چلے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ گجرات میں ہزاروں مسلمانوں کا قتل مودی کی فسطائیت کی ایک واضح مثال ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی بی سی نے گجرات مسلم کش فسادات کے حوالے سے اپنی دستاویزی فلم میں مودی کا سفاک چہرہ اچھی طرح بے نقاب کیا ہے۔
انہوں نے مودی حکومت کی طرف سے فلم پر پابندی کی مذمت کی اور اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ بھارت کو ایک دہشت گرد ریاست قرار دے۔محمدفاروق رحمانی نے کہا کہ بھارت کے تمام تر وحشیانہ ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ بھارتی تسلط سے آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button