مقبوضہ جموں و کشمیر

مقبوضہ جموں وکشمیرمیں برفانی تودے گرنے کا انتباہ جاری، پروازیں منسوخ، ٹرین سروس معطل

سرینگر30جنوری(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں تازہ برف باری کے دوران پیر کو سرینگر کے ہوائی اڈے پر بیشتر پروازیں منسوخ کردی گئیں جبکہ دیگر تاخیر کا شکار ہو گئیں۔
ڈائریکٹر ایئرپورٹ اتھارٹی سرینگر کلدیپ سنگھ نے بتایا کہ پیر (آج)کی پروازیں خراب موسم کی وجہ سے منسوخ کر دی گئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم برف صاف کر رہے ہیں اورمسافروں سے درخواست ہے کہ وہ ہوائی اڈے پر آنے سے پہلے اپنی پروازوں کے بارے میں معلومات حاصل کریں۔
دریں اثناء حکام نے پیر کو وادی کشمیر میں برف باری کے پیش نظر ٹرین سروسز بھی معطل کر دیں۔ ایک سرکاری عہدیدارنے صحافیوں کو بتایا کہ ریلوے لائن پر برف صاف ہونے تک ٹرین سروس معطل رہے گی۔انہوں نے کہاکہ برف صاف ہوتے ہی ریلوے اپنا کام دوبارہ شروع کر دے گا۔
ادھرحکام نے مقبوضہ علاقے کے نو اضلاع میں برفانی تودے گرنے کا انتباہ جاری کیا ہے۔قدرتی آفات سے نمٹنے کے ریاستی ادارے (ایس ڈی ایم اے) نے ایک بیان میں کہا کہ جنوبی کشمیر کے اسلام آباد، کولگام اور گاندربل اضلاع میں سطح سمندر سے 2200سے 2500میٹر کی بلندی پر واقع علاقوں میں برفانی تودے گرنے کا درمیانی درجے کا خطرہ ہے۔بانڈی پورہ، بارہمولہ، کپواڑہ، ڈوڈہ، کشتواڑ، پونچھ اور رام بن اضلاع میں بھی اگلے 24 گھنٹے کے لئے سطح سمندر سے 2200-2500میٹر کی بلندی پر رہنے والے لوگوں کے لیے اسی طرح کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ان علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور برفانی تودے کے شکار علاقوں میں جانے سے گریز کریں۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button