مقبوضہ کشمیرمیں بچے بھی بڑے پیمانے پربھارتی مظالم کا شکار ہیں، رپورٹ
33 برس کے دوران 900 سے زائد کشمیری بچے شہید
اسلام آباد 03 فروری (کے ایم ایس) بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں بچے بھی بڑے پیمانے پر بھارتی جبر و استبداد کا شکار ہیں اور بھارتی فوجی انہیں بھی قتل، گرفتار اور اغوا کر رہے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے آج جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ جموںوکشمیر میں گزشتہ 33 برس کے دوران 900 سے زائد کشمیری بچوں کو شہید کیا ہے جبکہ بھارتی فوجیوں کی طرف سے برسائے گئے پیلٹ چھرے لگنے کیوجہ سے سینکڑوں بچے اپنی بینائی سے محروم ہو چکے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا کہ1990 سے اب تک ہزاروں کشمیری بچے اپنے والدین کھو چکے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ تین دہائیوںکے دوران بیسیوں کشمیری بچوں نے اپنی کمسنی کے دن بھارتی حراستی مراکز میں گزارا جبکہ جنوری 1989 سے رواں برس31جنور ی تک1لاکھ7ہزار8سو 96 بچے یتیم ہوئے۔
کے ایم ایس رپورٹ میں افسوس کا اظہار کیا گیا کہ بھارتی فوجی محاصرے اور تلاشی کی پرتشدد کارروائیوں کے دوران کم سن بچوں کو بھی نشانہ بناتے ہیں اور وہ اپنی آنکھوں کے سامنے اپنے پیاروں کو قتل ہوتے دیکھے ہیں جسکی خوفناک یادیں عمر بھر کیلئے ان کے ذہنوں میں رچ بس جاتی ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی طرف سے بچوں کے حقوق کے کنونشن کی عدم تعمیل عالمی ضمیر پر سوالیہ نشان ہے۔ رپورٹ میں عالمی برادری پر زور دیا گیا کہ وہ کشمیری بچوں کی حالت زار کا نوٹس لے اور انہیں بھارتی جارحیت سے بچانے کے لیے آگے آئے۔