بھارت

مقبوضہ کشمیرمیں کشمیریوں کی جبری بے دخلی کی مہم کے خلاف سرینگر اور نئی دلی میں احتجاجی مظاہرے

سرینگر07فروری (کے ایم ایس)
پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے آج سرینگر میں بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں قابض انتظامیہ کی طرف سے کشمیریوں کوانکی زمینوں سے جبری بے دخلی کی مہم کے خلاف احتجاجی مارچ کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پی ڈی پی رہنمائوں اور کارکنوں سمیت مظاہرین نے میونسپل پارک کے قریب واقع پارٹی آفس سے ٹریفک ہیڈکوارٹر کی طرف مارچ کیا اور مودی کی فسطائی بھارتی حکومت اورقابض انتظامیہ کے خلاف نعرے لگائے۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈزاٹھا رکھے تھے جن پر ”کشمیر کشمیریوں کا ہے،، جموں و کشمیر پرایک نوآبادیاتی کی طرح حکمرانی کرنابند کرو، بے زمین، بے روزگار، بے گھرکشمیری اور ہمارے گھروں کو بلڈوز رسے گرانا بند کرو” جیسے نعرے درج تھے۔پی ڈی پی لیڈر موہت بھان نے اس موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت کشمیریوںکو انکی زمینوں اور گھروں سے جبری طورپر بے دخل کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں لوگوں کو بے گھر کرنے کیلئے انکے گھروں پر بلڈوزرچلایاجارہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئی دہلی میں غیر قانونی کالونیوں کو باقاعدہ بنایا جا رہا ہے جبکہ جموں و کشمیر میں مقامی لوگوں سے انکی زمینیں چھینی جا رہی ہیں۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ مودی حکومت کشمیریوں کو دبانے کے لیے پولیس کا استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے مودی حکومت کی بلڈوزر پالیسی کوفوری طورپر روکنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام کی عزت اور وقار کو پامال کیا جا رہا ہے اور ان کی مشکلات بڑھائی جارہی ہیںاورانہیں ذلیل کیاجارہا ہے ۔مظاہرین نے مزید کہاکہ عام لوگوں کو کچلنے کے لیے لاٹھی کی پالیسی کا وحشیانہ استعمال جاری ہے۔اس کے علاوہ سینکڑوں کشمیریوں نے غیر کشمیری کارکنوں کے ہمراہ نئی دہلی کے علاقے جنتر منتر میں مودی حکومت کی مقبوضہ کشمیرمیں جاری بے دخلی کی جبری مہم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے مودی حکومت سے اس مہم کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا۔ عادل نذیر خان، وقار ایچ بھٹی ،ڈاکٹر عبدالباری نائیک اور او پی شاہ سمیت کارکنوں نے کہا کہ اس مہم کی وجہ سے پورے مقبوضہ علاقے کے عوام میں شدید خوف ودہشت پائی جاتی ہے ۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button