سرینگر :میرواعظ پھر نظر بند ،نماز جمعہ ادا نہیں کرنے دی گئی، انجمن اوقاف کی مذمت
سری نگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی ہندو توا بھارتی حکومت کے مسلط کردہ لیفٹیننٹ گورنر کے ماتحت انتظامیہ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق کو آج مسلسل چوتھے ہفتے گھر میں نظر بند رکھ کر نماز جمعہ ادا نہیں کرنے دی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق میر واعظ کی سربراہی میں قائم انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے ایک بیان میں انکی مسلسل چوتھے جمعہ غیر قانونی نظربندی کی شدید مذمت کی ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ انتظامیہ کا میرواعظ عمر کو اہم دینی فریضے سے بار بار روکنا انتہائی افسوس ہے اور یہ دینی معاملات میں صریح مداخلت ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ لیفٹیننٹ گورنر کے ماتحت انتظامیہ اپنے غیر قانونی اور بلا جواز اقدامات کے ذریعے کشمیری مسلمانوں کے دینی جذبات کو مسلسل ٹھیس پہنچا رہی ہے جو انتہائی قابل مذمت ہے۔