حریت رہنماء بلال صدیقی سمیت 3بے گناہ کشمیریوں کی گرفتاری کی مذمت
اسلام آباد 08 فروری (کے ایم ایس)
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں حریت رہنماء بلال احمد صدیقی سمیت 3 بے گناہ کشمیریوں کی جھوٹے الزامات کے تحت گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمود احمد ساغر نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہاکہ بھارتی پولیس نے بلال احمد صدیقی، سماجی کارکن عمر عادل ڈار اور ایک دکاندار سالک معراج سمیت 3 بے گناہ کشمیریوں کو سرینگر میں جھوٹے الزامات کے تحت گرفتار کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پولیس نے انہیں سرینگر کے علاقے نوگام میں ان کے گھروں اور دکان سے گرفتار کیا۔محمود ساغر نے افسوس ظاہر کیاکہ بھارتی پولیس نے ان کی غیر قانونی گرفتاری کا جواز پیش کرنے کیلئے انہیں مجاہد تنظیم کے کارکن قرار دیا ہے جبکہ سالک معراج کے کاروبار کی رقم بھی ضبط کرلی ہے۔