متحدہ جہاد کونسل کی طرف سے ہڑتال کی حریت کانفرنس کی اپیل کی حمایت
اسلام آباد 13فروری (کے ایم ایس )
متحدہ جہاد کونسل نے غیر قانونی طورپر کشمیریوں کو بے اختیار کرنے کیلئے ان کی زمینوں اورجائیدادوں سے بے دخل کرنے کیلئے مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی ظالمانہ پالیسیوں کے خلاف کل جماعتی حریت کانفرنس کی طرف سے بدھ کو ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ۔
جہاد کونسل کے جنرل سیکرٹری شیخ جمیل الر حمان نے ایک بیان میں کہاہے کہ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیرمیں انسداد تجاوزات کے نام پر کشمیریوں سے انکی زمینیں چھین کر اورگھروں کو مسمار کر کے انسانی حقوق کی بدترین پامالی کا مرتکب ہورہا ہے۔انہوں نے کہاکہ انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں نے ان مظالم پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیری عوام کواپنا حق خودارادیت مانگنے پراجتماعی سزا دے رہا ہے حالانکہ ان کی جدوجہد آزادی اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے عین مطابق ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ مودی حکومت کشمیری عوام کیخلاف بلڈوزر کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کررہی ہے اور عام شہریوں کے گھروں، ان کی جائیدادوں اور دیگر تعمیرات کومسمار کیا جارہا ہے۔شیخ جمیل الر حمان نے کہا کہ بھارتیہ جنتاپارٹی قابض انتظامیہ کے ذریعے کشمیریو ں کو زبردستی ان کی زمینوں سے بے دخل کررہی ہے تاکہ مقبوضہ علاقے کی مسلم اکثریتی شناخت کو اقلیت میں تبدیل کیاجاسکے ۔انہوں نے عالمی برادری بالخصوص مسلم ام کی قیادت سے اپیل کی کہ وہ مظلوم کشمیری قوم کی نسل کشی کی منظم کوششوں کو ناکام بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔