مقبوضہ جموں و کشمیر

جنوبی ایشیا میں پائیدار امن تنازعہ کشمیر کو حل کیے بغیر ممکن نہیں:حریت رہنما

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں آزادی پسند رہنمائوں اور تنظیموں نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن تنازعہ کشمیر کو عوامی امنگوں کے مطابق حل کیے بغیر ممکن نہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے سرینگر میں جاری اپنے بیانات میں کہاکہ بھارت کی جانب سے پرامن حل کی کوششوں میں رکاوٹیں ڈالنے سے علاقائی عدم استحکام مزید بڑھ گیاہے۔5اگست 2019کو بھارت کے یکطرفہ اقدامات کے مضمرات کو جن کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی گئی، اجاگر کرتے ہوئے حریت رہنمائوں نے ان کو غیر قانونی اور اشتعال انگیز قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ ان اقدامات سے پہلے سے ہی غیر مستحکم جنوبی ایشیا میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے، جس سے مقبوضہ جموں و کشمیر ایک ممکنہ جوہری فلیش پوائنٹ بن گیا ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ موجودہ بھارتی حکومت کا ہندوتوا ایجنڈا علاقائی امن کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے کیونکہ بھارت کے مسلمانوں اور بالخصوص مقبوضہ جموں وکشمیرکے عوام پر مظالم کی اس کی فسطائی پالیسیاں جاری ہیں۔حریت رہنمائوں نے کہا کہ مودی حکومت فوجی طاقت کے استعمال سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو کچل نہیں سکتی۔انہوںنے کہا کہ بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خودارادیت سمیت اپنے بین الاقوامی وعدوں کو نظر انداز کر رہا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری کی خاموشی پر اسے تنقید کا نشانہ بنایا جس کی وجہ سے علاقے میں بھارت کے تسلط پسندانہ عزائم کو تقویت ملی ہے۔حریت رہنمائوں اورتنظیموں نے بین الاقوامی مداخلت پر زور دیتے ہوئے اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت پر دبائو ڈالیں کہ وہ بین الاقوامی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔انہوں نے کہاکہ دنیا کو اپنی خاموشی توڑنی چاہیے اور بھارت کو کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمدپر مجبور کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن و استحکام تنازعہ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل پر منحصر ہے۔حریت رہنمائوں نے حق خودارادیت کی جدوجہد جاری رکھنے کے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قسم کا جبر یا فوجی مظالم کشمیری عوام کے آزادی کے جائز مطالبے کو دبا نہیں سکتے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button