او آئی سی تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اپنی کوششیں تیز کرے : صدرآزاد کشمیر
جدہ 13اپریل(کے ایم ایس)آزاد جموں و کشمیرکے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طہ سے اپیل کی ہے کہ وہ کشمیرکے بارے میں اس لائحہ عمل پر عمل درآمد کے لیے اپنا اثرورسوخ استعمال کریں جس پرگزشتہ ماہ اسلام آباد میں ہونے والی او آئی سی کی وزرائے خارجہ کانفرنس اور کشمیرکے بارے میں اوآئی سی کے رابطہ گروپ کے اجلاس میںاتفاق رائے ہوا تھا۔
آزاد جموں و کشمیر کے صدر نے جدہ میں او آئی سی ہیڈ کوارٹر کے دورے کے دوران تنظیم کے سیکرٹری جنرل سے تفصیلی ملاقات کی۔ انہوں نے تنازعہ کشمیر کوعالمی سطح پر تسلیم شدہ حق خودارادیت کے اصول کے تحت حل کرانے کے لیے مسلم تنظیم کے فعال کردار کا مطالبہ کیا۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیرمیں بڑی تعداد میں بھارتی فوجیوں کی موجودگی علاقے میں بڑے پیمانے پر تشدد اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی بنیادی وجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت9لاکھ بھارتی فوجیوں کی موجودگی میں مقبوضہ جموں وکشمیرمیں اپنا ہندوتوا ایجنڈا آگے بڑھا رہی ہے۔ آزاد جموں و کشمیر کے صدر نے بھارت کی نوآبادیاتی پالیسیوں کے بارے میں کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے پر تلا ہوا ہے جس طرح اسرائیل فلسطین میں غیر فلسطینیوں کو آباد کر کے کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے خطے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے مذموم منصوبے کے تحت42لاکھ بھارتی ہندوئوں کو جعلی ڈومیسائل جاری کیے ہیں۔بیرسٹر سلطان نے کہا کہ موجودہ حالات میں اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ او آئی سی تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اپنی کوششیں تیز کرے جو خطے میں کشیدگی کی بنیادی وجہ ہے۔