بی جے پی نے مقبوضہ جموں وکشمیرکو مصائب کے سمندر میں ڈبو دیا ہے: مصطفےٰ کمال
جموں19فروری(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے ایڈیشنل جنرل سیکریٹری شیخ مصطفی کمال نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت والی بھارتی حکومت نے علاقے کے لوگوں کومصائب کے ایک سمندرمیں دھکیل دیا ہے۔
شیخ مصطفی کمال نے راجوری کے علاقے سندر بنی میں پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارتی حکومت کشمیری عوام کی سیاسی اور ترقیاتی امنگوں کو پورا کرنے میں بری طرح ناکام رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سمت اور سیاسی عزم کی کمی کی وجہ سے مقبوضہ جموں وکشمیرکے لوگوں کے مصائب مزید بڑھ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے مشکلات کا شکار لوگوں کے مسائل کو حل کرنے کے بجائے تکبر اور تصادم کا راستہ اختیار کرکے خطے کے لوگوں سے کئے گئے وعدوں کی خلاف ورزی کی ہے۔ڈاکٹر کمال نے زور دے کر کہا کہ عوام میں مایوسی غیر معمولی حد تک پہنچ چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے خلاف لوگوں کے جذبات اپنی انتہا کو پہنچ چکے ہیں۔