APHC-AJKپاکستان

کل جماعتی حریت کانفرنس کے وفدکی صدر عارف علوی سے ملاقات

اسلام آباد21فروری(کے ایم ایس) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھارت کے اصل چہرے کو بے نقاب کرنے کے لئے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اوردیگر بھارتی مظالم کو ہر فورم پر اجاگر کرنے کی ضرورت پرزوردیا ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے یہ بات کل جماعتی حریت کانفرنس کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے آج اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔ صدرمملکت نے کہاکہ پاکستان حق خودارادیت کے حصول کے لئے کشمیری عوام کی جائز جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستانی عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور پاکستان حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں کشمیری عوام کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہاکہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے عمل کو تیز کر رہا ہے اوراب تک مقبوضہ جموں و کشمیر میں غیر کشمیریوں کوآباد کرنے کیلئے تقریبا 45لاکھ ڈومیسائل جاری کرچکا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کشمیریوں کی زمین کو غیر کشمیریوں کو فروخت کررہا ہے۔ صدر مملکت نے کہاکہ یہ اقدامات سلامتی کونسل کی قراردادوں اور چوتھے جنیوا کنونشن سمیت بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارت مسلمانوں کی نسل کشی میں ملوث ہے اورجینوسائڈ واچ کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر نسل کشی کے دہانے پر ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر کی رپورٹس کا حوالہ دیا جن میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کے لیے کمیشن آف انکوائری کے قیام کا مطالبہ کیا گیاہے۔صدرنے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کے لئے اپنا کردار ادا کرے اوربھارت کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانیت کے خلاف جرائم پر جوابدہ بنائے۔

انہوں نے افسوس کا اظہارکیاکہ کشمیرکے بارے میں سلامتی کونسل کی قراردادوں پر ابھی تک عمل درآمد نہیں کیا گیا۔ حریت قیادت نے صدر مملکت کو مقبوضہ جموں وکشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایاکہ قابض بھارتی فورسزکے ہاتھوں اب تک 6لاکھ کشمیری شہید ہو چکے ہیں جبکہ ہزاروں گھرنذرآتش کرکے تباہ کر دیے گئے ہیں۔حریت قیادت نے بتایا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کو 9لاکھ بھارتی فوجیوں نے یرغمال بنا رکھا ہے اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق اور آزادیاں سلب کردی گئی ہیں، کشمیری قیادت کو جیلوں میں نظربند کیاگیاہے جبکہ ماورائے عدالت قتل، گرفتاریاں اور کشمیری نوجوانوں پر تشدد روز کا معمول بن چکا ہے۔ حریت قیاد ت نے بتایاکہ بھارت کشمیریوں کی شناخت اور ثقافت کو مٹانے کی کوشش کررہا ہے، تاہم وہ کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو دبانے میںکبھی کامیاب نہیں ہو گا۔

وفد کی قیادت کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر کررہے تھے جبکہ محمد فاروق رحمانی، غلام محمد صفی، سید یوسف نسیم، محمد رفیق ڈار، میر طاہر مسعود،شیخ عبدالمتین، ثناء اللہ ڈار، شیخ محمد یعقوب ، حسن البنائ، دائود یوسف زئی، جاوید اقبال بٹ، مشتاق احمد بٹ، زاہد اشرف اور امتیاز وانی وفد کا حصہ تھے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button