یو این جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران کشمیر کا حوالہ دینے پر بھارت تلملا اٹھا
اقوام متحدہ، 24 فروری (کے ایم ایس) یوکرین کے بارے میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ہنگامی خصوصی اجلاس کے دوران پاکستان کی طرف سے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کا حوالہ دینے پر بھارت سخت تلملا اٹھا ۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے اجلاس کے دوران مسئلہ کشمیر کا ذکر کیا اور اس بات کی وضاحت کی کہ پاکستان نے روس سے یوکرین پر حملہ بند کرنے کی قرارداد کی حمایت میں ووٹ کیوں نہیں دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ریاستوں کی علاقائی سالمیت کے احترام اورطاقت کے استعمال سے علاقے کا حصول نہ کرنے کے لیے قرارداد کے مطالبے کی حمایت کرتا ہے تاہم پاکستان کے لیے یہ بات باعث افسوس ہے کہ خومختاری، علاقائی سالمیت کے عالمی اصولوں کا یکسان اطلاق اور احترام نہیں جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے مقبوضہ جموں وکشمیر کی مثال ہمارے سامنے ہے جس پر بھارت نے غیر قانونی طور پر قبضہ کر رکھا ہے ۔
اس موقع پر بھارتی مندوب پراتیک ماتھر جموںو کشمیر کو یوکرین کی صورتحال سے جوڑنے پر انتہائی تلملا اٹھے اور منیر اکرم کے بیان کو مسترد کر دیا۔