2024کے انتخابات میں بی جے پی کا صفایاہو جائے گا، لالو پرساد
پٹنہ24فروری (کے ایم ایس)بھارت میں راشٹریہ جنتادل (آر جے ڈی)کے سربراہ اور ریاست بہار کے سابق وزیر اعلیٰ لالو پرساد یادو نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی)ذات پات اور مذہی خطوط پر ملک کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس بھارت میں اقلیتوں کے خلاف ہیں۔
لالو پرساد یادو جو سنگا پور میں گردے کی پیوندکاری کے کامیاب آپریشن کے بعد حال ہی میں واپس وطن لوٹے ہیں نے ایک عوامی اجتماع سے آن لائن تقریر کے دوران کہا کہ بہار میں تبدیلی آگئی ہے او ر اب آنے والے انتخابات میں سارے ملک سے بی جے پی کا صفایا ہو جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس اقلیتوں اور معاشرے کے پسماندہ اور کمزورطبقات کے خلاف ہیں۔ انہوںنے کہا کہ آر ایس ایس کے نظریہ ساز ایم ایس گولوالکر نے اپنی کتاب میں دلتوں اور دیگر پسماندہ طبقات کیلئے ریزرویشن کی مخالف کی تھی اور بی جے پی کے لوگ اسی کتاب کے مطابق چل رہے ہیں۔ لالو پرساد نے کہا کہ بھگوا جماعت بی جے پی اب پوری طرح بے نقاب ہو چکی ہے اور مجھے پورا یقین ہے کہ 2024کے عام انتخابات میں زعفرانی جماعت کا صفایا ہو جائے گا۔