مقبوضہ جموں وکشمیر میں حکام گرفتار صحافیوں کو رہا کریں، سی پی جے
واشنگٹن 16اکتوبر ( کے ایم ایس )
صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے امریکہ میں قائم تنظیم ”کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس (سی پی جے) “نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حال ہی میں حراست میں لیے گئے صحافیوں سلمان شاہ اور سہیل ڈار کو رہا کریں ۔ تنظیم نے مقبوضہ علاقے کے حکام پر زور دیا ہے کہ وہ صحافیوں کو حراست میں لینے اور ان سے پوچھ گچھ کرنے کا سلسلہ بند کریں اور میڈیا کو علاقے میں آزادانہ طور پر کام کرنے کی اجازت دیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سی پی جے کے پروگرام کوآرڈی نیٹربرائے ایشیا Steven Butlerنے ایک بیان میں کہا کہ بھارت کو جموں و کشمیر میں صحافیوں کو ہراساں کرنے اور حراست میں لینے کے اپنے شرمناک ریکارڈ کو بہتر بنانے کے لیے تیزی سے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔انہوںنے کہا کہ پولیس کو فوری طور پر سلمان شاہ اور سہیل ڈار کو رہا کرنا چاہیے اور صحافیوں کو بغیر کسی خوف کے اپنے کام کرنے کی اجازت دینی چاہیے۔سٹیون بٹلر نے بتایا کہ حکام نے 8 اکتوبر کی شام سہیل ڈار کو حراست میں لینے سے قبل پوچھ گچھ کے لیے تھانے طلب کیا جبکہ انکے بھائی طارق ڈار نے فون کے ذریعے سی پی جے سے بات کی اور بتایا کہ پولیس نے ان کے بھائی کی حراست کی کوئی وجہ نہیں بتائی۔انہوں نے کہا کہ سلمان شاہ کے اہلخانہ کو بھی انکی حراست کی وجہ سے آگاہ نہیں کیا گیا۔