بھارت :راہل گاندھی کو ملک سے باہر پھینک دینا چاہیے:پرگیہ سنگھ
بھوپال 12مارچ(کے ایم ایس)بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال سے بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ اورہندوتواکی پرچارک پرگیہ سنگھ ٹھاکر نے راہل گاندھی کی حب الوطنی پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پرگیہ ٹھاکر نے ایک بیان میں کہا کہ راہل گاندھی نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ غیر ملکی عورت سے پیدا ہونے والا بیٹا محب وطن نہیں ہو سکتا۔ پرگیہ سنگھ یہیں نہیں رکیںبلکہ انہوں نے کہا کہ انہیں(راہل گاندھی کو) ملک سے باہر پھینک دینا چاہیے۔ پرگیہ سنگھ ٹھاکر بھوپال-داہود ٹرین کے افتتاح کے لیے بھوپال کے ہیردارام نگر ریلوے اسٹیشن پہنچی تھیں۔اس پروگرام کے بعد صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے پرگیہ سنگھ نے کانگریس اور راہل گاندھی پر خوب جملے کسے۔پرگیہ سنگھ نے کہاکہ راہل اور کانگریس کاوجود ختم ہونے کے دہانے پر ہے، لیکن ان کی ذہانت بھی خراب ہو رہی ہے۔ آپ(راہل گاندھی)اپنے ملک کے لیڈر ہیں۔ آپ کو عوام نے منتخب کیا ہے۔ آپ لوگوں اور ملک کی توہین کر رہے ہیں۔ سادھوی پرگیہ نے کہا کہ ہم نے مان لیا آپ بھارت سے نہیں ہیںکیونکہ آپ کی ماں اٹلی سے ہے۔